خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں یوم آزادی کی تقریب

August 13, 2022

پشاور (خصوصی نامہ نگار)خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاورکے زیر اہتمام 75 ویں آزادی کے حوالے سے رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر لعل محمد خٹک تھے،اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر عنایت شاہ، ڈائریکٹر آئی پی ایم آر ڈاکٹر عرفان، فیکلٹی، ایڈمن سٹاف اور طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں مل کر قومی ترانہ گایا، اردو اور انگریزی تقریری مقابلوں کے علاوہ اردو اور انگریزی خطوط نویسی، خاکے اور ملی نغمے پیش کئے گئے ۔ اردو تقریری مقابلوں میں آئی پی ایم آرکے مجاہد خان اور ہمنہ بی بی، انگریزی تقریری مقابلے میں حمزہ خان جبکہ ویڈیو گرافی کے مقابلے میں ذیشان کو بہترین کارکردگی پر او ل انعام سے نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر لعل محمد خٹک نے کہا کہ آزادی کا دن جوش و خروش سے منانا زندہ قوموں کی نشانی ہے۔،ہمارے آباء و اجداد نے بے پناہ قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا تھا اور اب اس امانت کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کی قدر و قیمت جاننے کے لئے علامہ اقبال کی شاعری کا مطالعہ ضروری ہے جنہوں نے اپنے اشعار میں آزادی کا حقیقی پیغام دیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر لعل محمد نے آئی پی ایم آر کے ڈائریکٹر، فیکلٹی اور طلباء و طالبات کو بہترین پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ دیگر ادارے بھی اس طرح کی تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ تقریری مقابلوں، خطوط نویسی، ویڈیو گرافی، ملی نغموں اور خاکوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں توصیفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔