مانچسٹر، اولڈھم، راچڈیل ودیگر شہروں میں انڈین ریسٹورنٹس پر غیر معیاری کھانوں کی فراہمی

August 14, 2022

راچڈیل (ہارون مرزا) مانچسٹر ، اولڈھم ،راچڈیل سمیت دیگر شہروں میں قائم بعض انڈین ریسٹورنٹس پر غیر معیاری کھانے عوام کی صحت تباہ کر رہے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق برطانیہ میں آبادانڈین، پاکستانی اور گورے پاکستانی کھانوں کو پسند کرتے ہیں، ایک عرصہ سے بعض ریسٹورنٹس پر غیر معیاری کھانے فراہم کیے جا رہے ہیں جس سے لوگوں کی صحت خراب ہو رہی ہے دوسری طرف ان ریسٹورنٹس میں لوگوں سے بھاری رقم بٹورنے کا سلسلہ جاری ہے، ویسے تو مہنگائی نے پورے برطانیہ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے مگر بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے بعض ریسٹورنٹس پر کھانوں کے معیار کو بھی کم کر دیا گیا ہے اور مختلف کھانوں کی ڈشز کی قیمتوں میں از خود اضافہ کر دیا ہے ، اکثر ریسٹورنٹس پر اس وجہ سے تکرار اور بعض اوقات جھگڑے کی وجہ سے پولیس کو بھی بلانا پڑ جاتا ہے، محکمہ فوڈ اتھارٹی نے ایسے درجنوں ہوٹلز کو چھاپے مار کر حفظان صحت کے اصولوں کو نظر انداز کرنے اور غیر معیاری کھانوں کی فراہمی کی وجہ سے بند کر دیاہے مگر مذکورہ ہوٹل نئی انتظامیہ اور نئے نام سے دوبارہ کھل جاتے ہیں، کھانوں کے شوقین افراد نے برطانیہ کی فوڈ اتھارٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ بلاتمیز وتفریق ان انڈین ریسٹورنٹس پر صفائی اور کھانے کے معیار کو متواتر چیک کریں اور بے تحاشا منافع کی بھی روک تھام کی جائے، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انڈین ریسٹورنٹس کے مالکان جو پہلے کسی ہوٹل کے کُک تھے اب امیر ترین افراد میں شامل ہوگئے ہیں اور وہ کسی بھی محکمانہ کارروائی کو خاطر میں نہیں لاتے، دوسری طرف متعدد انڈین ریسٹورنٹس نے معیار اور قیمتوں میں استحکام رکھ کر مثالی مقام بھی حاصل کر رکھا ہے ۔