گیس اور بجلی کی آسمانی ہول سیل پرائسز جلد کم نہ ہونے پر اپریل سے اوسط انرجی بل 5300 پونڈ تک پہنچ سکتا ہے، رپورٹ

August 14, 2022

لندن (پی اے) ایک نئی پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ اگر کیس اور بجلی کی موجودہ آسمانی ہول سیل پرائسز میں جلد کمی نہیں ہوئی تو اپریل سے اوسط ہائوس ہولڈ کے سالانہ انرجی بل کی لاگت تقریباً 5300پونڈ تک پہنچ سکتی ہے۔ انرجی کنسلٹنسی آگزیلیون (Auxilione) کے ماہرین کے ڈیزائن کردہ ماڈلز نے پیش گوئی کی ہے کہ پرائسز میں اضافہ سے انرجی بل میں پرائس کیپ آج کے 1971پونڈ سے بڑھ کر اکتوبر میں 3628 پونڈ تک پہنچ سکتا ہے اور پھر جنوری میں یہ دوبارہ بڑھ کر 4538 پونڈ اور اپریل میں 5277تک پہنچ سکتا ہے۔ یہ پیش گوئی ان لاکھوں ہائوس ہولڈز کیلئے بدترین ہے جو اس وقت موسم سرما میں انرجی بلز میں اضافے سے تباہ حال ہیں۔ یہ پیش گوئی بتدریج خراب ہوتی پیش گوئیوں کے سلسلے میں تازہ ترین ہے۔ ہول سیل مارکیٹس میں گیس اور بجلی کی پرائسز میں مسلسل اضافے کی وجہ سے پیش گوئیاں مزید سنگین صورت اختیار کرتی جا رہی ہیں۔ اپریل کی پیش گوئی، جو جمعہ کی صبح کی گئی تھی، اسی ماہ کی سابقہ ​​پیش گوئی سے 240 پونڈ زیادہ مہنگی ہے، جو صرف 24 گھنٹے قبل کی گئی تھی، تاہم اگر انرجی پرائسز میں کمی ہونے لگی تو پھر پیش گوئیاں بھی کم ہو جائیں گی۔ پرائس کیپ کیلئے دیئے گئے اعداد و شمار اس بنیاد پر ہیں کہ ایک ہائوس ہولڈ کیا استعمال کرتا ہے۔ جو گھرانے اوسط سے زیادہ استعمال کرتے ہیں تو انہیں زائد ادائیگی کرنا پڑے گی اور کم انرجی استعمال کرنے والے کو نسبتاً چھوٹے بلز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کیپ اس بنیاد پر ہے جو سپلائر انرجی خریدنے کیلئے ادا کرتا ہے اور پھر انرجی کو ہائوس ہولڈز کو فروخت کرتا ہے۔ اسے ہول سیل انرجی پرائس کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انرجی ریگولیٹر آفجیم ان پرائسز کا مہینوں تک جائزہ لیتا ہے اور پھر وہ پرائس کیپ کو تبدیل کرتا ہے۔ اس کو آبزرویشن ونڈو بھی کہا جاتا ہے۔ سال میں چار بار پرائس کیپ تبدیل کی جاتی ہے، یعنی اکتوبر،جنوری،اپریل اور جولائی میں۔ اکتوبر کی پرائس کیپ کیلئے زیادہ تر آبزرویشن ونڈو گزر چکی ہے، اس لئے پیش گوئی کرنے والوں کو بہت زیادہ اعتماد ہے کہ جب ریگرلیٹر آف جیم 26 اگست کو پرائس کیپ لیول کا اعلان کرے گا تو ان کی پیش گوئیاں اس سے زیادہ دور نہیں ہوں گی۔ تاہم فور کاسٹرز جنوری اور اس سے اگے کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہیں کیونکہ ان کی آبزرویشن ونڈوز ابھی شروع نہیں ہوئی ہیں۔ فورکاسٹرز اس بات کا ایک اچھا اشارہ فراہم کرتے ہیں کہ اگر آج پرائسز جہاں ہیں اور ان میں زیادہ تبدیلی واقع نہیں ہوتی ہے تو پرائس کیپ کہاں تک مقرر کی جا سکتی ہے۔ ہول سیل پرائسز میں اتار چڑھائو حتمی اعداد و شمار میں ہزاروں پونڈ نہیں تو سیکڑوں کا اضافہ یا خاتمہ کر سکتا ہے۔ اس سے قطع نظر کہ پیش گوئیاں سیاستدانوں پر اقدامات کرنے کیلئے دبائو میں اضافہ کریں، جمعرات کو کنزرویٹو لیڈر شپ کے امیدوار رشی سوناک نے وعدہ کیا کہ وہ انرجی پر وی اے ٹی میں کمی کر کے تمام ہائوس ہولڈز کے تقریباً 200 پونڈ بچائیں گے۔ انہوں نے کمزور ہائوس ہولڈز کیلئے مزید ٹارگٹڈ مدد کا بھی وعدہ کیا لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کی تصدیق کریں گے کہ ماہ رواں کے آخر میں اکتوبر کی پرائس کیپ کو حتمی شکل دینے پر کتنی مدد ملے گی۔