پاکستانی اور کشمیری بہتری لانے والے رہنمائوں کا ساتھ دیں، لارڈ قربان

August 14, 2022

لوٹن (شہزاد علی) پاکستانی اوریجن لارڈ قربان حسین (ستارہ ٔقائداعظم) نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لیے تعمیر و ترقی کا وژن رکھنے والی لیڈر شپ کی سپورٹ کی جائے ۔وہ لوٹن میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی ڈاکٹر یاسین الرحمن کی جانب سےایک تقریب میں بطور صدر تقریب خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے حالات بہتر بنانے کا درست طریقہ یہ ہے کہ جو لیڈر صحیح طور پر ملک و قوم کی بہتری کے پروگرام دے اس کا ساتھ دیا جائے۔ ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان نے کہا کہ سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھی بہتر سیاسی تبدیلیوں کے لیے اہل صحافت کا کلیدی کردار بنتا ہے، انہوں نے وطن عزیز کی سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ برطانیہ سے تعیلم یافتہ اور یہاں کے سیاسی اور قانونی نظام کا تجربہ رکھنے والے افراد کو آگے بڑھنے اور کردار اداکرنے کا موقع دیں اور اوورسیز پاکستانی کشمیریوں کےٹیلنٹ سے استفادہ کیا جائے۔ میزبان ڈاکٹر یاسین الرحمن نے کہا کہ موجودہ نظام میں بہتری اس وقت تک نہیں لائی جاسکتی جب تک نظام بہتر نہ کیا جائے ۔ پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے معرکہ کربلا کے فضائل بیان کئے۔ علامہ محمد اقبال اعوان نے امت کے اتحاد، شہدا کربلائے کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ آزاد کشمیر کی صحافتی تنظیم کے مرکزی عہدے دار امجد چوہدری نے بطور مہمان خصوصی اظہار خیالات کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں گزشتہ تین ہفتوں سے موجود ہیں اور وہ جہاں بھی جاتے ہیں یہاں آباد پاکستانیوں اور کشمیریوں کی جانب سے یہ شکایات عام ہیں کہ آزاد کشمیر اور پاکستان میں ادارے ،لیڈر اور بیوروکریسی ٹھیک طرح سے کام نہیں کررہے ہیں اور بد عنوانی بھی عام ہے، سوال یہ ہے کہ موجودہ نظام کو ٹھیک کیا جائے یا اس نظام کو یوں ہی چھوڑ دیا جائے ،اگر نظام ٹھیک کرنا ہے تو اوورسیز پاکستانیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سید حسین شہید سرور نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے۔ تقریب کاآغاز شوکت بٹ کی تلاوت سے کیا گیا، شرکاء میں کوآرڈنیٹیر کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن اور چیئرمین میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ حاجی چوہدری محمد قربان، پی پی سی برطانیہ کے عہدے دار شیراز خان، سید عابد گیلانی، سابق میئر لوٹن محمد ریاض بٹ، اعظم خان راجہ، غلام مغل، شبیر ملک، بیرسٹر اسرار ملک، چوہدری جہانگیر، چوہدری امین پوٹھی، چوہدری محمد شریف، چوہدری دلاور، مرزا ابرار، چوہدری مظہر حسین، مرزا رضا، فرحان سعد، محمد ظہیر اور افتخار ملک شامل تھے۔