ہم زندہ قوم ہیں اورآزادی کے تحفظ کیلئے سردھڑ کی بازی لگا دیں گے

August 15, 2022

کوئٹہ (پ ر) ہم زندہ قوم ہیں اور اپنی آزادی کے تحفظ کیلئے سردھڑ کی بازی لگا دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنما حاجی سیف اللہ خان کاکڑ نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہاکہ پاکستان طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا اور ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنی چاہئے کہ ہم اپنے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج بھی ہمارے ازلی دشمن بھارت نے ہماری آزادی کو تسلیم نہیں کیا لیکن دشمن کو یاد رہے کہ پوری پاکستانی قوم ملکی سلامتی کے معاملے پر ایک ساتھ ہے اور دشمنوں کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے آزادی کی قدر نہیں کی وہ صفحہ ہستی سے مٹ گئیں ۔ہمیں آزادی کی قدر کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جشن آزادی کے موقع پر سیلاب سے متاثرہ افراد کو نہیں بھولنا چاہئے اور حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ حتی الوسع متاثرہ علاقوں میں مدد اور ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔آج ہم عہد کریںکہ اپنے پیارے وطن پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمہ وقت جدوجہد کریں گے۔انہوںنے کہا کہ اب وقت آغیا ہے کہ جن مقاصد کیلئے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے آزادی لی تھی اب ان مقاصد کے حصول کے لئے جدوجہد کی جائے کیونکہ جب تک وہ مقاصد حاصل نہیں کرلئے جاتے آزادی کا مقصد پورا نہیں ہوسکتا ۔