کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جماعت اہلسنت کے ناظم اعلیٰ پیر صاحبزادہ خالد سلطان ، صوبائی امیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی ، مولانا محمد ابراہیم مجددی ، مولانا مفتی مختار احمد حبیبی ، علامہ مفتی محمد جان قاسمی ، سید محمد حسین شاہ و دیگر علما کرام نے کہا ہے کہ ہمیں ایک ایسے نظام اور قیادت کی ضرورت ہے جو لوگوں کے دلوں میں انسانیت کا احترام پیدا کرے یہ عظیم کام اسلام کے نظام اور صوفیا کرام کی متوازن تعلیمات سے ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں ختم نبوت کانفرنس اور جماعت کی صوبائی نومنتخب کابینہ و مجلس عاملہ کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مقررین نے کہا کہ علماء کرام نے ہمیشہ اسلام کی ترویج کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری پہچان کا ذریعہ ہماری جماعت اہلسنت ہے اور جس نے حالات کے نشیب و فراز اس تحریک کی راہ میں دیکھے اور وقتی جمود کو ختم کرنے کی ٹھان رکھی ہے ہمارے اسلاف نے ہر سنگینی اور دہشت کا مقابلہ محنت اور قربانی سے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے نظام اور قیادت کی ضرورت ہے جو انسانیت کا احترام لوگوں کے دلوں میں پیدا کرے یہ عظیم کام اسلامی نظام اور صوفیہ کرام کی متوازن تعلیمات سے ہی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ہمیں آپس میں یکجہتی ، بھائی چارئے کو فروغ دیتے ہوئے غلبہ دین کے لئے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت نے مختصر عرصے میں ساتھیوں کے تعاون سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس موقع پر صوبائی نومنتخب کابینہ اور مجلس عاملہ کے عہدیداروں سے حلف لیا۔