کشمیری عوام کے حقوق کیلئے عالمی فورمز پر آواز اٹھاؤنگا، چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر

August 15, 2022

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے، 13اگست 1948 کو اقوامِ متحدہ میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی پہلی قرارداد پاس ہوئی تھی، اقوامِ متحدہ کی اپنی قراردادیں تقاضا کرتی ہیں کہ ان پر عملدرآمد کیا جائے، لیبر فرینڈز آف کشمیر ہر سطح پر کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔ جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کا مانچسٹر میں بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ایم پی اینڈریو گوین نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں تحریکی عہدیداروں سمیت کونسلرز اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تحریک حق خود ارادیت کے اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، نہتے کشمیری اور ان کی قیادت جیلوں میں قید ہے، ہندوستان کی جانب سے آئینی تبدیلیوں کے بعد حکومتی سرپرستی میں نسل کشی اور ہندوتوا ایجنڈے پر عمل جاری ہے۔ کشمیریوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کو بھی اپنے مستقبل کے لیے حق خودارادیت دیا جائے، جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران ہر سطح پر ریاست جموں وکشمیر کی آزادی، کشمیری عوام کے حقوق اور ان کے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ آج بھارت اور پاکستان آزادی کے جشن منا رہے ہیں لیکن کشمیری اپنی آزادی اور بنیادی حقوق کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ کشمیریوں کو بھی آزادی ملنی چاہیے۔ کشمیری عوام کو بھی ان کا حق ملنا چاہیے جس کا وعدہ عالمی برادری نے متعدد قراردادوں کی صورت میں کیا تھا۔ بھارت اور پاکستان دونوں کو اپنے وعدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے رائے شماری کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ تحریکی عہدیداروں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری برطانیہ کی حکومت سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ان کے حقوق اور حق خودارادیت کے لیے آواز بنے گی۔ برطانیہ میں مقیم کشمیری اپنے اپنے شہروں میں مقامی ممبران پارلیمنٹ اور کونسلوں میں مسئلہ کشمیر کو اٹھائیں۔ لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرپرسن ایم پی اینڈریو گوین نے تحریک حق خودارادیت کے عہدیداران کو یقین دلایا کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے پارٹی کے اندر اور پارٹی کے باہر اور عالمی فورمز سمیت ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے اور کشمیریوں کی اس جدوجہد میں معاونت جاری رکھیں گے۔ ایم پی اینڈریو گوین نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا دورہ بھی کریں اور پاکستان و بھارت کی لیڈرشپ سے ملاقاتیں بھی کی جائیں ۔ آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے ساتھ مل کر برطانوی پارلیمنٹ میں بھی کوششوں کا تسلسل جاری رہے گا۔ تحریکی عہدیداروں نے ایم پی اینڈریو گوین کا شکریہ ادا کیا وہیں آنے والی لیبر پارٹی کانفرنس میں لابی مہم سمیت دیگر اقدامات پر بھی مشاورت کی۔ اس موقع پر عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس کی میزبانی کونسلر نائلہ شریف چیئرپرسن تحریک حق خودارادیت نارتھ آف انگلینڈ نے کی۔ اجلاس میں کونسلر یاسمین ڈار چیئرپرسن تحریک حق خودارادیت برطانیہ، بریڈ فورڈ کے سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق، کونسلر ایلیسن گوائن، کونسلر نائلہ ابراہیم، اعجاز فضل، نورین شہزاد، یاسمین عالم، صبا زبیری، جاوید طارق، سید مدثر شاہ، راشد حسین چیئرمین پاکستانی کمیونٹی سینٹر اولڈہم اور دیگر بھی شریک تھے۔