اسکاٹ لینڈ میں گرمی کے بعد بارش و طوفان کی یلووارننگ

August 15, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) برطانیہ ایک بار پھر شدید گرمی کی لپیٹ میں آگیا ہے اور سائوتھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت ہفتہ کو35ڈگری تک چلا گیا۔ محکمہ موسمیات نے سائوتھ، سینٹرل ایسٹرن انگلینڈ اور ویلز کے چند علاقوں میںگرمی کی ایمبر وارننگ دی ہے۔ الیکس کے ایک ولیج بروم فیلڈ میں91ایکڑ کے علاقے کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی، سائوتھرن، سینٹرل اور ایسٹرن انگلینڈ کے علاوہ ڈیون، کارنوال، کینٹ لندن اور ایسٹ مڈ لینڈز کے علاقوں کو سرکاری طور پر خشک سالی کا شکار قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پانی سپلائی کرنے والی کمپنیاں پانی کے استعمال پر کئی قسم کی پابندیاں عائد کرسکتی ہیں۔ یارکشائر اور ویلز کے چند حصوں میں لیوز پائپ کے استعمال کو ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں درجہ حرارت30تک پہنچ گیا۔ اسکاٹ لینڈ میں محکمہ موسمیات نے گرمی کی ایک بڑی لہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش و ہوا کے طوفان کی یلیو وارننگ جاری کی ہے جو پیر تک سارا دن جاری رہے گی۔ اس دوران کئی علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے، جس سے ٹرین اور بس سروس منسوخ ہوسکتی ہیں۔ برطانیہ کے جنوبی نصف حصے میں ابھی مزید شدید گرمی متوقع ہے۔ ماحولیاتی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ انگلینڈ میں خشک سالی اگلے سال تک جاری رہ سکتی ہے۔