سٹی کورٹ پارکنگ ایریا اور دیگر مقامات پر بارش کا پانی جمع

August 16, 2022

کراچی(محمد ندیم،اسٹاف رپورٹر)بارش کے باعث سٹی کورٹ پارکنگ ایریا تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے وکلا،سائلین،کورٹ اسٹاف،جیلوں سے عدالتوں میں پیشی کے لئے لائے گئے قیدیوں اور ان کے عزیز واقارب کو دشواری کا سامنا ہے، شہید راجہ ریاض روڈ پر پارکنگ ایریا میں بارش کا پانی بہت زیادہ جمع ہے اور مذکورہ علاقہ تالاب کا منظر پیش کررہا ہے، علاوہ ازیں سٹی کورٹ لاک اپ کے قریب کیچڑ بن گئی ہے جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اور گزرنے میں دقت پیش آرہی ہے،برساتی پانی کی وجہ سے بننے والی کیچڑ سے قیدیوں اور ان کے عزیز واقارب کو بھی مشکلات ہیں ،ایک چین(زنجیر) میں پانچ،چھ قیدی ہوتے ہیں جنہیں گزرنے میں عام لوگوں کی نسبت زیادہ دشواری کا سامنا کرنا پڑنا ہے ،اس کے علاوہ سٹی کورٹ کے اطراف میں بھی بارش کے پانی کی بڑی مقدار موجود ہے لیکن متعلقہ ادار ے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے کوئی ا نتظام نہیں کررہے ۔