امریکہ میں شدید گرمی سے 200 سالہ قدیم درخت چٹخ گیا

August 16, 2022

وریگون (نیوز ڈیسک) عالمی حدت اور خشک سالی کا ایک اور خوفناک نتیجہ امریکا میں اس وقت سامنے آیا کہ جب ایک 200سالہ درخت مسلسل گرمی اور حدت کے باعث چٹخ گیا جسے درخت کا پھٹنا کہا جاسکتا ہے۔ پورٹ لینڈ میں مسلسل سات روز سے ہیٹ ویو کا راج تھا اور درجہ حرارت 95درجے فارن ہائٹ (35درجے سینٹی گریڈ) رہا اور ایسٹ مورلینڈ کے علاقے میں خشک سالی بھی شدید تھی جس کی وجہ سے 200سال قدیم شاہ بلوط کا درخت خشکی سے پھٹ پڑا اور بجلی کے تار متاثر ہونے سے بجلی کا سلسلہ منقطع ہوگیا۔درخت سے شاخ کا ایک موٹا ٹکڑا گرگیا جس کا وزن 30ہزار پونڈ بتایا جارہا ہے۔ تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے۔ تاہم لوگ حیران ہیں کیونکہ یہ ایک تندرست درخت تھا اور تاریخی اہمیت کی بنا پر اس کا خیال بھی رکھا جارہا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پورٹ لینڈ کی تاریخ کی یہ سب سے شدید گرمی کی لہر تھی جو مسلسل سات روز تک جاری رہی تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گرمی کی شدید لہر انسانوں کے ساتھ ساتھ شجر کیلئے بھی تباہ کن ہوسکتی ہے۔