لائبریری سے1947 میں لی گئی کتاب 75 سال بعد واپس

August 16, 2022

نیو جرسی (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست نیو جرسی کی ایک لائبریری سے کتاب حاصل کرنے والے شخص نے 75سال بعد کتاب واپس جمع کرادی۔جرسی سٹی فری پبلک لائبریری کا کہنا تھا کہ 89سالہ بوب جیبلونسکی نے جیمز جے فیرس ہائی اسکول کی برانچ سے 1947ء میں مصنف اوڈن روڈولف کی کتاب ہٹلر کا اجرا کرایا تھا۔ جیبلونسکی کا کہنا تھا کہ انہیں حال ہی میں اپنے گھر کی تنظیمِ نو کے دوران یہ کتاب دوبارہ ملی اور وہ یہ چاہتے تھے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسے واپس لائبریری تک پہنچایا جائے۔کتب خانے کے مہتمم کا کہنا تھا کہ کتاب بہترین حالت میں ہے اور اس میں اس کا اصلی ریفرنس کارڈ بھی موجود ہے۔ آفیشلز کا کہنا تھا کہ جیبلونسکی کو 75 سال تک کتاب رکھنے کے جرمانے کی ادائیگی نہیں کرنی ہوگی کیوں کہ مارچ 2021ء سے لائبریری میں جرمانے کا معاملہ ختم کردیا گیا ہے۔رواں ماہ کے شروع میں وِنی پیگ پبلک لائبریری نے بتایا تھا کہ ڈینیئل ای جیسی کی کتاب بیس بال حال ہی میں واپس کی گئی جبکہ اس کتاب کو 18جون 1974ء کو واپس کیا جانا تھا تاہم، اس لائبریری نے بھی 2021ء میں لیٹ فیس کو ختم کردیا تھا۔