جنگل میں آگ لگنے کا سیزن شروع ہوگیا، ایس او ایس نے آتشزدگی سے بچاؤ کی ترکیبیں جاری کردیں

August 17, 2022

لندن (پی اے) دنیا کے بہت سے ملکوں میں جنگل میں آگ لگنے کا سیزن شروع ہوگیا ہے، اس صورت حال کے پیش نظر ایس او ایس نے آتشزدگی سے بچائو کی ترکیبیں جاری کردی ہیں۔ ایس او ایس کے مطابق امریکہ، یورپ اور برطانیہ میں جنگلات میں آگ بھڑکنے کے واقعات شروع ہوگئے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ صورت حال زیادہ خراب ہوتی جارہی ہے، جنگلات میں آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات اکتوبر سے شروع ہوتے ہیں۔ ایس او ایس کا کہنا ہے کہ کاروباری اداروں اور عام لوگوں کو آتشزدگی کی وجہ سے ہونے نقصانات سے بچنے کیلئے پہلے ہی سے پوری طرح تیاری کرلینی چاہئے۔ ایس او ایس کا کہنا ہے کہ تاجروں کو نہ صرف اپنے کاروبار کے تحفظ کیلئے بلکہ اپنے ملازمین کی صحت اور تحفظ کیلئے پلان تیار کرنے چاہئیں، اس کے علاوہ اس دوران سفر کرنے والوں اور ان کی فیملیز کے تحفظ کیلئے بھی انتظامات کئے جانا ضروری ہیں۔ امریکہ کے EPA کا کہنا ہے کہ جنگل کی آگ پراپرٹی اور انسانی جانوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ صحت کیلئے بھی بہت مضر ہے، مثال کے طورپر آتشزدگی کا سیزن شروع ہونے سے قبل ہی یکم جنوری سے 30جون کے دوران 3.9ایکڑپر موجودہ جنگلات جل کر خاکستر ہوگئے۔ کلائمٹ چینج، انسانی عوامل، آگ کی طاقت اور تیز ہوائیں امریکہ کے مغربی، جنوب مغربی اور مشرقی علاقوں کے جنگلات کی آگ کے خدشے میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، جنگل کی آگ کا خطرہ اس لئے بڑھ جاتا ہے کیونکہ بہت سے افراد جنگلات، گھاس والے اور قدرتی نباتات کے ارد گرد رہتے ہیں۔ انٹرنیشنل ایس او ایس کے عالمی میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر مائلز ڈرک میں کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبا کے سبب اب کاروباری برادری متوقع آفات سے بچنے کے قبل از وقت اقدامات کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اداروں ایسے مواقع پر اہم امور سے باخبر اور آگاہ رہنا چاہئے، جن میں ہوا کی معیار، مقامی اور قومی ایمرجنسی پر موجود بہت زیادہ دبائو، شیلٹر تک رسائی شامل ہیں۔ اس لئے ہر سطح متبادل طریقے اختیار کرنے اور ہر طرح کی رکاوٹوں خاص طور پر مالی مشکلات سے نمٹنے کے متبادل طریقے اختیار کرنا ضروری ہیں۔خطرات کے علاقے میں واقع اداروں کے آپریشن منیجروں کو ہنگامی صورت حال میں ورکس فورس کو بحفاظت نکالنے اور کام کو کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کے موثر طریقہ کار پر عمل کو یقینی بنانا چاہئے، جنگل کی آگ سے قبل اپنی پراپرٹی کو اس کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کریں، پراپرٹی کے 30 فٹ اردگرد کے علاقے کو آگ پکڑنے والے مادوں اور گھاس پھوس سے پاک کردیں، باہر رکھا ہوا فرنیچر اندر لے آئیں یا سوئمنگ پول پر رکھ دیں۔ تمام کھڑکیاں اور دروازے بند کردیں لیکن ان کو تالہ نہ لگائیں، پانی کے رسائو یا فوارے کو بند کردیں تاکہ ہنگامی صورت حال میں پانی کام آسکے، مکانوں میں نقصانات کو کم از کم رکھنے کیلئے بجلی اور گیس کو بند کردیں، جگہ خالی کرنے یعنی وہاں سے نکلنے کے راستے ذہن میں رکھیں، متبادل رہائش کا انتظام کرلیں۔ مثلاً آگ کی وجہ سے گھر خالی کرنے پر مجبور ہونے کی صورت میں دوست یا عزیز کے گھر پناہ لینے یا دوسرے ٹائونز میں واقع گھر میں یا سرکاری پناہ گاہ یا ہوٹل میں منتقلی کا انتظام رکھیں اور اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ آتشزدگی کی صورت میں آپ متبادل رہائش گاہ تک کیسے پہنچیں گے، اگر بڑی سڑکیں بند ہوجائیں تو متبادل راستے اختیار کریں۔ بجلی کی بڑی بندش کی صورت میں استمال کیلئے ایمرجنسی لائٹ کی کٹ اپنے پاس رکھیں اور معاونت کیلئے اپنے قریب ترین مراکز اور ایسے نمبر یاد رکھیں، جہاں ایمرجنسی میں امداد مل سکتی ہو، یہ تفصیلات لکھ کر رکھ لیں کیونکہ فون کی چارجنگ ختم ہوسکتی ہے، جس سے پھر ری چارج کرنا ممکن نہیں ہو گا۔ گروپ کی صورت میں کہیں سے نکلنے کی صورت میں علاقے کے باہر رابطے کیلئے کسی شخص کا انتخاب کرلیں۔