بارسلونامیں بکریاں آتشزدگی کی روک تھام کریں گی

August 17, 2022

بارسلونا(نیوزڈیسک)اسپین کے شہر بارسلونا میں آتشزدگی کی روک تھام کے لیے ایک نئی اور منفرد ٹیم کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔یہ ٹیم بکریوں اور بھیڑوں پر مشتمل ہے جن کا بس ایک ہی کام زیادہ سے زیادہ سبزہ چرنا ہے۔یہ ایک قدیم حکمت عملی ہے جس کو دنیا کے مختلف حصوں میں آتشزدگی کی روک تھام کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔اس کا خیال سادہ ہے اور وہ یہ ہے کہ جن علاقوں میں آگ لگنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے وہاں سبزہ چرنے والے مویشیوں کو چھوڑ دیا جائے جو ایسی خشک نباتات کھالیں جو آگ کیلئے ایندھن کا باعث بن سکتی ہیں ایک ادارے Pau Costa Foundation کی جانب سے اس طریقہ کار پر 2016سے اسپین میں کام کیا جارہا ہے اور اس کے عہدیدار Guillem Canaleta نے بتایا کہ ماضی میں اس طرح جنگلات کو آتشزدگی سے بچایا جاتا تھا، ہم نے کچھ نیا نہیں کیا۔بارسلونا میں اس پروگرام کا آغاز اپریل میں Collserola پارک سے کیاگیا جو 20 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور وہاں ہر سال آگ لگنے کے اوسطاً 50 واقعات سامنے آتے ہیں۔ اب اسے بارسلونا کے دیگر حصوں میں بھی جلد شروع کیا جائے گا۔اس سے قبل امریکی ریاست کیلیفورنیا میں متعدد کمپنیوں نے بکریوں کی خدمات اسی مقصد کے لیے حاصل کیں۔شمالی پرتگال میں گھوڑوں کے ذریعے Faia Brava reserve کو بچایا گیا جبکہ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں بھی مویشیوں کو آتشزدگی کا خطرہ کم کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔