لال سنگھ چڈھا کا بائیکاٹ جاری، ’پٹھان‘ کا بے تابی سے انتظار

August 17, 2022

فائل فوٹو

بھارت میں عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ جاری ہے جبکہ شاہ رخ خان کی فلم’پٹھان‘ کے ریلیز ہونے کا مداحوں کو بے تابی سے انتظار ہے۔

فلم ’پٹھان‘ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس وقت ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہونے کی وجہ سے انڈین باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

یہی نہیں عامر خان کی فلم کی حمایت کرنے والے بالی ووڈ اداکاروں کو بھی سوشل میڈیا پر موجود ٹوئٹر صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایسی صورتحال میں کئی نامور فلمی شخصیات عامر خان کی حمایت میں سامنے آئی ہیں۔

شاہ رخ خان نے اپنے ایک حالیہ انٹڑویو میں بھارت میں فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ اور ’رکشہ بندھن‘ کے تنازعات کی زد میں آنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہندوستان میں عدم برداشت ہے‘۔

دوسری جانب رہتک روشن نے بھی گزشتہ روز فلم’لال سنگھ چڈھا‘ کی حمایت کی ہے۔

جس کے بعد سے بھارتی ٹوئٹر صارفین نے ٹوئٹر پر بالی ووڈ کی فلموں اور بالخصوص ’بالی ووڈ کے خانز‘ اور ان کی حمایت میں سامنے آنے والے بھارتی اداکاروں کی فلموں کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کرنا شروع کردیا ہے۔

تاہم، شاہ رخ خان بھارتی فلم انڈسٹری کے وہ اداکار ہیں جن کی شہرت اور ان کے فلمی کیریئر کو آج تک اس قسم کے تنازعات اور سازشوں سے کوئی فرق نہیں پڑا۔

اس بار بھی ہمیشہ کی طرح شاہ رخ خان کے مداحوں نے اُنہیں اکیلا نہیں چھوڑا جیسے ہی ٹوئٹر پر (#BoycottPathanMovie) اور (#BoycottShahRukhKhan) ٹرینڈ کرنے لگے تو اداکار کے مداحوں نے کچھ ہی دیر میں اس ٹوئٹر ٹرینڈ کو ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست سے باہر کردیا۔