گلوکارہ وگمہ صدارتی ایوارڈ کیلئے نامزدگی پر مسرور

August 18, 2022

پشاور(وقائع نگار) پشتو کی نامورلوک گلوکارہ وگمہ نے صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کیلئے نامزدگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ وفاقی حکومت نے میری خدمات کا صلہ مجھے دیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ ثقافت خیبرپختونخوا اور سابق سٹیشن ڈائریکٹرریڈیو پاکستان پشاور مرکز لائق زادہ لائق کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ملک کی پلاٹینم جوبلی سالگرہ میرے لئے یادگار ثابت ہوئی۔ میری نامزدگی پر فنکار برادری اور مداحوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے بھی مجھے مبارکباد کی کالیں کی ہیں جس کیلئے ان کی شکر گزار ہوں۔