پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ چین کی غیر معمولی معاشی ترقی پاکستان کے لئے باعث تقلیدہے۔ چین نے ثابت کیا ہے کہ قدرتی وسائل کی موجودگی ہی کسی قوم کی خوشحالی کی ضمانت نہیں بلکہ اصل کامیابی ان وسائل، انسانی صلاحیتوں اور جغرافیائی اہمیت کو مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی میں تبدیل کرنے میں ہے۔وہ پشاور میں چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ اور قومی دن کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل محمد حسن معظمی، رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ، صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں، ایڈمنسٹریٹر چائنہ ونڈو امجد عزیز ملک، کاروباری برادری کے نمائندوں، صحافیوں، مختلف اداروں کے عہدیداروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔