پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان کی ہدایت پر محکمہ سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ نے تمام انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو سرکاری و نجی عمارتوں میں خصوصی افراد کے لیے، محفوظ اور آسان رسائی کی ضروری سہولیات یقینی بنانے کی تاکید کی ہے۔ مشیر برائے سماجی بہبودملک لیاقت علی خان کی خصوصی افراد کے مسائل کے حل اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دینے کے لیے جاری اقدامات کے تحت محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر، عوامی مقامات اور دیگر ضروری خدمات تک خصوصی افراد کی آزادانہ اور بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جائے۔مراسلے کے مطابق ملک لیاقت علی خان کے مختلف اضلاع کے حالیہ دوروں کے دوران خصوصی افراد کی جانب سے سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات تک رسائی میں درپیش مشکلات، مسائل اور تجاویز سامنے آئیں، جن کی روشنی میں متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عمارتوں کی نوعیت اور ضرورت کے مطابق قابلِ رسائی ریمپس، مناسب ڈھلوان، ہینڈ ریلز، وہیل چیئر استعمال کرنے والوں کے لیے موزوں داخلی راستے ا ور دروازے سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم اور قیمتی حصہ ہیں، انہیں سرکاری و عوامی سہولیات تک مساوی، محفوظ اور باعزت رسائی فراہم کرنا ان کی عزتِ نفس، خودمختاری اور معاشرے میں مؤثر شمولیت کے لیے ایسا اقدام نہایت اہم ہے۔