شوہر اندرون ِخانہ بیوی کو کن کاموں سے روک سکتا ہے؟

September 23, 2022

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: شوہر گھر کے اندر بیوی کو کن کاموں سے روک سکتا ہے، میرا مطلب گناہ کے کاموں سے نہیں ہے، وہ تو سب کو معلوم ہے۔

جواب : شوہر بیوی کو ہر ایسے کام سے روک سکتا ہے، جس سے اس کے حق میں خلل پڑتا ہو یا اسے تکلیف ہوتی ہو ،مثلاً: (۱)اگر بیوی گھر کے اندر ہی دست کاری، سلائی، کڑھائی یا کسی اور صنعت میں مشغو ل رہتی ہو، جس سے شوہر کے متعلق ذمہ داریوں میں فرق آتا ہو ۔(۲) یا بیوی کے کام کی وجہ سے شوہر کو تکلیف ہو تی ہو، مثلاً بیوی گھر میں ایسا کام کرتی ہو جس کی بدبو ہو یا اس کام کی وجہ سے گھر میں گندگی ہو۔ (۳) بیوی کے عمل کی وجہ سے اس کی صحت گرتی ہو اور وہ لاغری وکمزوری کا شکار ہوتی ہو۔(۴) یا جس کام کی وجہ سے اس کے حسن وجمال میں فرق آتا ہو۔ (۵) یا جو کام فی نفسہ مباح ہو، مگر شوہرکے لیے عار کا باعث ہو ،مثلاً کسی کے بچے کو دودھ پلانا، جب کہ وہ معزز خاندان سے ہو۔(۶)نفلی روزہ اور نفلی عبادات کی وجہ سے شوہر کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی ہوتی ہو۔ (۷)بیوی موبائل وغیرہ میں وقت ضائع کرتی ہو۔ ان تمام صورتوں میں شوہر بیوی کو ان کاموں سے منع کرسکتا ہے اور اگر بیوی نہ مانے تو وہ نافرمان شمار ہوگی۔