دنیا کے بہترین سائنس میوزیم

September 25, 2022

سائنس میوزیم کی اصطلاح سے مراد وہ میوزیم ہے جو سائنس ، قدرتی تاریخ اور ٹکنالوجی کے بہت سے شعبوں سے مطابقت رکھتا ہے۔ بہت سے سائنس میوزیم میں ملٹی میڈیا ڈسپلے اور ایکٹو ڈسپلے ہوتے ہیں، جو بچوں کے لیے معلومات کے حصول کے بہت اچھے ذرائع ہوتے ہیں۔ ان میں سے بہت سے سائنس میوزیم لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالیتے ہیں۔

نیچرل ہسٹری میوزیم ، لندن

لندن میں نیچرل ہسٹری میوزیم ڈائناسور کی نمائشوں کے لیے سب سے مشہور ہے ، جس میں کچھ نایاب اور حیرت انگیز ڈائنوسارکے ڈھانچے بھی شامل ہیں۔ میوزیم میں جانوروں ، پودوں ، انسانی حیاتیات ، رکازات ، معدنیات ، قدرتی وسائل وغیرہ بھی شامل ہیں۔ یہ میوزیم 1881ء میں قائم کیا گیا۔

نیشنل ایئر اینڈ اسپیس میوزیم ، واشنگٹن ڈی سی

نیشنل ایئر اینڈ اسپیس میوزیم، سمتھسنین انسٹی ٹیوشن کا ایک حصہ اور دنیا کا بہترین ہوا بازی اور انسانی پرواز کی تاریخ کا میوزیم ہے۔ یہ میوزیم آپ کو انسانی پرواز کی ابتدائی کوششوں سے لے کر خلائی جہاز کے چاندپر لینڈنگ ، جدید خلائی ایکسپلوریشن اور بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک خلا کی تلاش کے آغاز کے دلچسپ دور تک لے کر جائے گا۔ آپ ان اشیا کا مشاہدہ کریں گے جو دراصل خلا میں تھے۔ ہوا بازی اورخلا میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے یہ واقعی حیرت انگیز جگہ ہے۔

ڈوئچ میوزیم ، میونخ

ڈوئچ میوزیم دنیا کا سب سے بڑا سائنس اینڈٹیکنالوجی میوزیم ہے۔ یہ عجائب گھر دریائے اسر پر چھوٹے جزیرے پر واقع ہے۔ اس میں سائنس اورٹیکنالوجی کے 50 شعبوں پر محیط 28ہزار سے زیادہ مختلف اشیا آویزاں ہیں۔ میوزیم کی خاص بات اسپین کے غار التمیمرا کی تعمیر نو ہے ، جہاں دنیا کی قدیم غار کی کچھ پینٹنگز دریافت ہوئی ہیں۔

اکیڈمی آف نیچرل سائنسز ، فلاڈیلفیا

ڈریکسل یونیورسٹی کا باضابطہ طور پر اکیڈمی آف نیچرل سائنس میوزیم 1812ء کے اوائل میںکھولا گیا، جو اسے قدرتی سائنس کا دنیا کا قدیم ترین میوزیم بنا دیتا ہے۔ میوزیم میں ایک کروڑ 70لاکھ سے زیادہ اشیا آویزاں ہیں ، جس میں مشہور 43 فٹ (13 میٹر) ٹی ریکس ڈھانچہ بھی شامل ہے جو آنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔

یونیورسیم ، گوٹنبرگ

یونیورسیم کی سیر ان لوگوں کے لیے بہترین تفریح ہے جو شہر کاقلب چھوڑ ے بغیر دنیا کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔ اس حیرت انگیز’’بچوں کے سائنس میوزیم ‘‘میں نوادرات کی نمائشیں، انٹرایکٹو ڈسپلے ، ایکویریم اور تین منزلہ بارشوں کا جنگل بھی شامل ہے، جہاں حقیقی چھوٹےجاندار گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں۔ہرچند یہاں بچوں کی تفریح کا زیادہ سامان ہے،تاہم بڑوں کی دلچسپی کے بھی سامان مہیا کیے گئے ہیں۔

ہانگ کانگ اسپیس میوزیم ، ہانگ کانگ

اگر آپ ہانگ کانگ تشریف لے جارہے ہیں تو یہ یقینی بنائیں کہ یہ شاندار خلائی میوزیم ضرور دیکھیں۔ مرکزی پلینیٹوریم کا گنبد ہانگ کانگ کے سب سے مشہور مقامات میں سے ایک ہے۔ سب سے مشہور ایک بوتھ ہے جو اس طرح بنایا گیا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آپ چاند پر چل رہے ہیں۔

ایکسپلوریٹوریم ، سان فرانسسکو

یہ دلچسپ سائنس میوزیم سیاحوں کو مشغول رکھنے اور تعلیم دینے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ یہ سائنسی تفریحی گھرہر کونے میں کچھ مختلف اور غیر معمولی اشیا کا نظارہ پیش کرتا ہے۔ ایکسپلوریٹوریم کا ڈیزائن تیار کرنے والی ٹیم نے نوجوانوں کے ذہن کو نظر میںرکھتے ہوئے سائنس کے انتہائی حیرت انگیز اور دلچسپ پہلوؤںکو نمائش کا حصہ بنایا ہے۔ اس میوزیم کے پیچھے اصل خیال یہ ہے کہ نوجوان سائنس دانوں کو یہ بتایا جائے کہ سائنس کی دنیا کتنی دلچسپ ہوسکتی ہے۔ ایکسپلوریٹوریم سان فرانسسکو کی بندرگاہ پائرس 15 اور 17 میں واقع ہے۔

سوئس میوزیم آف ٹرانسپورٹ ، لوسرین

سوئس میوزیم آف ٹرانسپورٹ میں نقل و حمل کے تمام مختلف ماڈلز کی نمائش کی گئی ہے۔ خوبصورتی سے سجائے اس میوزیم میں 1900ء کی دہائی کے اوائل کی سوئس کار ماڈل کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ یہاں آپ کو کوہ الپس کو عبور کرنے کے لیے سڑک اور ریل کے بنیادی ڈھانچے کو ترتیب دیتے وقت ابتدائی معماروں کو درپیش اہم چیلنجوں پر بھی تبادلہ خیال ملے گا۔

ٹی پاپا میوزیم ، ویلنگٹن

سرکاری طور پر ’’میوزیم آف نیوزی لینڈٹی پاپا ٹونگروا‘‘کےنام سے موسوم یہ میوزیم نیوزی لینڈ کا قومی عجائب گھر ہے۔ یہ صرف سائنس میوزیم ہی نہیں بلکہ فوسلز ، آثار قدیمہ ، پودوں کےنمونوں ، نیوزی لینڈ کےپرندوں ،بہت سارے ایمفی بیئنز ، رینگنے والے جانوروں اور میملز کا بہت بڑاانتخاب بھی لیے ہوئے ہے۔ میوزیم کے سر کاتاج 495 کلو گرام وزنی دنیا کا سب سے بڑا کولوسل اسکڈ کانمونہ ہے۔

نیشنل میڈیا میوزیم ، بریڈ فورڈ

اس شاندار میوزیم میں آپ کوفوٹو گرافی ، فلم ، ٹیلی ویژن، انٹرنیٹ ،اینی میشن اور ویڈیو گیمنگ کی تاریخ جیتی جاگتی نظر آئے گی۔ میوزیم میں انٹرایکٹو نمائشوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جہاں سیاح کیمرہ پرسن سے لے کر نیوز ریڈر تک ٹی وی نشریات کے مختلف پہلوؤں کا تجربہ کرسکتے ہیں ۔میوزیم میں رنگ اور روشنی کے اصولوں کو بھی سائنس اور ٹیکنالوجی کی روشنی میں سمجھایا گیا ہے۔