ای سی بی کے تحت 2000 ایشیائی خواتین کی ریکروٹمنٹ اور والنٹیئرنگ تربیت

September 25, 2022

لندن (پی اے) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے انیشی ایٹیو میں جنوبی ایشیائی بیک گرائونڈ رکھنے والی 2000سے زائد خواتین کو ریکروٹ اور والنٹیئرنگ رولز کیلئے تربیت دی گئی ہے۔ ای سی بی سائوتھ ایشین ایکشن پلان ڈریم بگ دیسی ویمن پروگرام کے حصے کے طور پر یہ دیکھا گیا کہ ہر ایک والنٹیئر سپورٹ میں شرکت میں اضافے کیلئے اربن ایریاز میں بچوں کیلئے سیشنز ڈلیور کر رہی ہیںاور انہیں مدد فراہم کر رہی ہیں۔ کم از کم 200والنٹیئرز نے برطانیہ بھر میں لوکل کمیونٹیز میں سپورٹس میں فل ٹائم کردار ادا کیا ہےجبکہ بہت سی والنٹیئرز نے کرکٹ کوچنگ میں مزید کوالی فیکشن حاصل کی ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق سپورٹ انگلینڈ کے 2.4 ملین پونڈ کے فنڈڈ ای سی بی کی زیرنگرانی ہے، جس نے مقررہ وقت سے پہلے اپنے ہدف کو حاصل کر لیا ہے۔ نسلی اعتبار سے ڈائیورس کمیونٹیز میں اس پروجیکٹ کو لے جایا گیا اور کرکٹ کو مساجد، مندروں اور گوردواروں سمیت غیر ر وایتی وینیوز میں متعارف کروایا گیا۔ ای سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈیوڈ ماہونی کا کہنا ہے کہ ڈریم بگ دیسی ویمن پروگرام ای سی بی میں خواتین کے ایک ناقابل یقین گروپ کی قیادت میں ایک گراں قدر قابل ذکر پروجیکٹ ہے۔ اس پروگرام نے ویمن والنٹیئرز کی ایک حیرت انگیز ٹیم تشکیل دی ہے، جس نے برطانیہ بھر کی کمیونٹیز میں ہزاروں بچوں کو کرکٹ کھیلنے،کمیونٹیز کو جوڑنے اور بہتر بنانے کی ترغیب دی ہے۔ اس پروگرام کا جشن منانے کیلئے انگلینڈ اور بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین ہفتے کو لارڈز میں ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں منعقد ہوا، جس میں شائقین کو روایتی جنوبی ایشیائی سرگرمیوں اور فوڈ سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا گیا۔ ڈریم بگ دیسی ویمن پروجیکٹ کی شریک ہرپریت کلسی وردی نے کہا کہ اس پروگرام نے میری زندگی کو ان طریقوں سے بدل کر رکھ دیا ہے، جن کا میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ انہوں نےکہا کہ مجھے کھیل کا کوئی حقیقی تجربہ نہیں تھا لیکن اس کے باوجود اپنی دن کی جاب کے ساتھ ساتھ میں نے ناٹنگھم کے تین الگ الگ کرکٹ کلبس میں کوچنگ کی اور ایک لوکل سکول میں کرکٹ سیشنز بھی کئے۔