پاکستان میں ذیابیطس مریضوں کا تناسب دیگر ممالک کی نسبت زیادہ، طبی ماہرین

September 25, 2022

اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) پاکستان میں ذیابیطس سے متاثرہ مریضوں کا تناسب دیگر ممالک کی نسبت بہت زیادہ ہے۔فہرست میں پاکستان کا تیسرا ، چین کا پہلا جبکہ بھارت کا دوسرا نمبر ہے، تاہم چین اور بھارت کی آبادی پاکستان کی آبادی سے کہیں زیادہ ہے، ذیابیطس ایک خطرناک مرض ہے، اگر اس مرض کی جلد تشخیص کے ساتھ علاج نہ کیا جائے تو جسم کے اہم اعضاء پر منفی اثرات چھوڑتی ہے، اس سے دل اور گردے فیل ہونے کا خدشہ بہت بڑھ جاتا ہے، دوسری جانب ذیابیطس کنٹرول نہ ہونے کے باعث پائوں پر زخم بن جاتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین دی ڈائبٹیز سنٹر اسلام آباد ڈاکٹر ارشد حمید نے ورلڈ فارماسسٹس ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں ایم اسد انصاری (آنریری کونسل) آنریری قونصلیٹ آف فن لینڈ اسلام آباد نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر ارشد حمید نے کہا کہ زیادہ مرغن غذاؤں سے پرہیز کرنا چاہیے، طب نبوی کے تحت بھوک رکھ کر کھانا چاہیے اور جسمانی ورزش کو ڈیلی روٹین کا حصہ بنانا چاہیے جبکہ سال میں دو مرتبہ مکمل طبی معائنہ کرانا چاہیے۔ اس موقع پر صحت کے شعبے میں فارماسسٹس کے اہم کردار پر تفصیلی پریزنٹیش دی گئی۔