• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں مستقل، مری میں عارضی سبزی منڈی قائم کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)راولپنڈی میں مستقل جبکہ مری میں عارضی سبزی منڈی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس ہوا۔جس میں کہا گیا کہ راولپنڈی میں مستقل سبزی منڈی کے قیام اور مری میں صارفین کو اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ رمضان المبارک کے موقع پر مری جیسے پہاڑی علاقوں میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک عارضی سبزی، فروٹ اور اجناس منڈی قائم کی جا رہی ہے۔اجلاس میں چیئرمین سبزی منڈی راولپنڈی اسلام آباد ساجد عباسی، سبزی منڈی کے تاجر نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ آڑھت دار تنظیموں کے نمائندگان نے اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں اور حکومتی اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مری میں اس مقصد کے لیے جھیکا گلی کے مقام پر ایک عارضی سبزی، فروٹ اور اجناس منڈی کے قیام کی تجویز زیر غور ہے، جہاں سے مری کی دونوں تحصیلوں کو بلا تعطل سپلائی فراہم کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ نے کہا کہ حکومتِ پنجاب وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام کو معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ رمضان المبارک کی آمد قریب ہے اور اس مقدس مہینے میں روزہ داروں کو اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں اور مناسب نرخوں پر دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اسلام آباد سے مزید