• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ تعلیم پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی نجی تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) نجی تعلیمی اداروں نے محکمہ تعلیم پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعطیلات کے باوجود تعلیمی ادارے کھول دئیے ہیں۔جس پر محکمہ تعلیم پنجاب نے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف ایکشن کا اعلان کیا تھا۔لیکن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی اس پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوگئی ہے۔پنجاب میں سرکاری طور پر موسم سرما کی تعطیلات12جنوری تک کی گئی ہیں۔لیکن نجی تعلیمی اداروں نے پانچ جنوری سے تعلیمی ادارے کھول دئیے ہیں۔جبکہ نجی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز بھی29دسمبر سے کیا گیا تھا۔اس سے پہلے ایک ہفتہ سپورٹس ویک کے نام پر تعلیمی ادارے کھلے رکھے گے۔اس وقت بھی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے سی ای او محمد طارق کو آگاہ کیا گیا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔زرائع کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب نے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا اور پنجاب بھر کے سی ای اوز کو ہدایات جاری کی گئیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو والدین کی طرف سےاطلاع کرنے کے باوجود کسی نجی سکول کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوسکا۔نجی تعلیمی اداروں نے پنجاب حکومت کے تعین کردہ نظام الاوقات کی بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ جنوری سے سکول ٹائمنگ صبح آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک کردی ہے۔
اسلام آباد سے مزید