امام حسنؓ کی زندگی مسلمانوں کیلئے نمونہ حیات ہے، مولانا ناصر عباس

September 27, 2022

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر)نواسہ رسول حضرت امام حسنؓ کی زندگی مسلمانوں کیلئےنمونہ حیات ہے،28 صفر عالم اسلام کے لئے بزمِ مغموم قلب ہے،پاک حیدری ایسوسی ایشن جرمنی کے زیراہتمام 2 روزہ مجالس عزا کا اہتمام مسجد فاطمہ زہرا فرینکفرٹ میں کیا گیا، مجالس عزا شہادت امام حسنؓ کے سلسلے میں ہوئیں،نظامت سیّد مہضر زیدی اور سوز و سلام بحضور سید الشہدا سیّد عدنان نقوی، ساجد بخاری، کمیل عباس جبکہ سوز و سلام مرثیہ خوانی سیّد علی زیدی نے کی۔مجلس سے خطاب کرتے ہوئے ڈنمارک سے آئے مولانا ناصر عباس گوندل نے کہا نواسۂ رسول جگر گوشہ بتول نے اپنی جان کی قربانی اسلام کی بقا اور سربلندی کے لئے دی، آپ کا طرزِ زندگی تمام عالم انسانیت کے لئے نمونہ ہدایت ہے، امام حسن مجتبیٰؓ نے امن بھائی چارے اور قربانی کی وہ مثال قائم کی جس کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی، آپ کے فرمودات امت مسلمہ کے لئے راہ نجات ہیں، تمام عالم اسلام بالخصوص یورپ میں رہنے والے مسلمان معصومین کرام کا طرزِ زندگی اختیار کرتے ہوئے دین شناسی پیدا کرتے ہوئے حقیقی اسلام کی تصویر پیش کریں، مولانا ناصر عباس نے بچوں کی تربیت پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا یورپ میں رہنے والے والدین اپنے بچوں کو زندگی کی ہر سہولت فراہم کریں، اعلیٰ تعلیم دلوائیں مگر یہ خیال رکھیں کہ وہ اپنے دین اور تعلیمات اسلامی سے دور نہ ہوں، انہیں قرآن و سیرت رسول اکرم ؐ سے بھی فیضیاب کریں۔