ہنہ اوڑک میں بجلی اور گیس کی بحالی تاحال ممکن نہیں بنائی جاسکی، پشتونخوا میپ

September 27, 2022

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں بجلی اور گیس کی بحالی تاحال ممکن نہیں بنائی جاسکی جس کے باعث علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے پہلے پہل طفل تسلیوں کا سہارا لیتے ہوئے عوام کی زندگی کیلئے ہر شعبہ زندگی میں مدد وتعاون کی یقین دہانی کرائی لیکن اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرنے سے مکمل گریزاں رہی ہے ایک ماہ گزرنے کے باوجود کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس اور بجلی کی فراہمی میں انتائی سست روری سے کام لیا جارہا ہے جبکہ اس کام پر ہونیوالے اخراجات کو بھی متاثرین ہی کی تعاون سے مکمل کیا جارہا ہے جو کہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔ ضلعی انتظامیہ راستوں کو ہموار کرنے ودیگر ضروریات کیلئے ایکسیویٹر چلانے کیلئے ، کیسکو والے بجلی کے کھمبوں ، تاروں ، ٹرانسفارمز کی مرمت اور بجلی کی بحالی کیلئے اور سوئی سدرن گیس کمپنی پائپ لائن بچھانے ومرمت اور گیس کی بحالی کیلئے علاقے کے متاثرین سے ہی مالی تعاون حاصل کیا جارہا ہے جبکہ اہل علاقہ پہلے سے ہی بدترین مشکلات اور نقصانات سے دوچار ہوئے ہیں ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت ، ضلعی انتظامیہ ، کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی اپنے کروڑوں ، اربوں روپے کے خطیر فنڈز وخزانے سے متاثرہ عوام کی زندگی کی بحالی اور اپنے اپنے فرائض کو پورا کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری رکھیں تاکہ ہنہ اوڑک کے متاثرہ عوام کے مشکلات کا کسی حد تک خاتمہ ہوسکے ۔