کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے چیئرمین حاجی صادق خان اچکزئی نے کوئٹہ میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک نچلی سطح پر اختیارات منتقل نہیں کیے جاتے اس وقت تک ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا برسر اقتدار طبقہ نے اپنے مفادات کی خاطر عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالاہے حکومت کی مایوس کن کارکردگی کے باعث مسائل جنم لے رہے ہیں سرکاری ملازمین سمیت مختلف مکتبہ کے لوگ سراپا احتجاج ہیں یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس اوربعدازاں بلوچستان گرینڈ الائنس کے کیمپ میں اظہار یکجہتی کے دوران کیا اس موقع پر دیگر رہنماء بھی موجود تھےحاجی صادق خان اچکزئی نے خیر محمد شاہین کو پارٹی کوئٹہ کا صدر مقرر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کوئٹہ کے عوام کا آئینی اور بنیادی حق ہے مگر 13 سال سے دانستہ طور پر عوام کو اس حق سے محروم رکھا جارہا ہے انتخابات سے کچھ دن پہلے انتخابات ملتوی کرانا جمہوریت اور عوامی حقوق کے منافی اقدام ہے انہوں نے کہا کہ زرغون روڈ پر ترقیاتی کام نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے تقریباً ایک کلومیٹر روڈ عرصے سے زیر تعمیر ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام اور حادثات معمول بن چکے ہیں کام جلد مکمل کرکے عوام کو ذہنی کوفت اور مشکلات سے نجات دلائی جائے دریں اثنا بلوچستان گرینڈ الائنس کے کیمپ میں اظہار یکجہتی کے موقع پرانہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنے مسائل کے حل کیلئے سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی اپنی ہی بنائی ہوئی کمیٹی کی سفاشات پر عملدرآمد سے گریزاں ہے جوکہ قابل مذمت اور سرکاری ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔