پولیس کا ہیرو قرار دیا گیا کتا ریٹائر، 6 سال میں 250افراد کو گرفتار کرایا

September 28, 2022

لندن (پی اے) پولیس کا ہیرو قرار دیاگیا نڈر کتا ریٹائر ہوگیا۔ 6سال کے دوران 250افراد کو گرفتار کرایا، پولیس میں خدمات کی انجام دہی کے دوران اس نے ناٹنگھم شائر میں فسادات پر قابو پانے میں پولیس اہلکاروں کی مدد کی۔ 7سال عمر کے اس جرمن شیفرڈ کتے نے 2018 میں ڈیوٹی کے دوران ایک کلھاڑی بردار ملزم کے ہاتھوں خنجر زنی کے سبب زخمی ہونے کے بعد بہادری کا قومی ایوارڈ حاصل کیا تھا، اب یہ کتا اپنی دیکھ بھال کرنے والی پولیس کانسٹیبل جینی الس کے ساتھ رہے گا۔ جینی نے Quantum نامی اس کتے کو شاندار دوست قرار دیا ہے۔ اس نے کہا کہ یہ میری پوری سروس کے دوران پہلا کتا ہے، جس نے کتے کی دیکھ بھال کے بارے میں مجھے تمام باتیں سکھائیں۔ انھوں نے کہا کہ اس میں پولیس کے کتے میں درکار تمام خوبیاں موجود ہیں، اس نے مجھے کبھی شرمندہ نہیں ہونے دیا، مجھے اس کی ریٹائر منٹ پر بہت افسوس ہے لیکن میں جانتی ہوں کہ ریٹائرمنٹ کا یہ وقت اس کیلئے درست ہے۔ حال میں ایک ملزم کا تعاقب کرتے ہوئے اس کا ایک پائوں زخمی ہوگیا تھا اور وہ بڑی حد تک لنگڑا ہوگیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اس کو ریٹائر کرنے کا فیصلہ کرنا بہت مشکل کام تھا لیکن اس سے اب اس کو اس کی بقیہ زندگی میں بہترین معیار زندگی نصیب ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ میرے بہترین ساتھی اس کتے نے 2020 میں ناٹنگھم شائر کے ٹرین اسٹیشن پر متعدد افسران کو زخمی کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرنے میں مدد کی تھی۔ وہ بہت ہی خطرناک ملزم تھا، جس نے ایک خاتون افسر کو بیہوش کردیا تھا، وہ فرار ہونے کا تہیہ کرچکا تھا اور میں اور میرا کتا آخری دفاعی لائن تھے، اس کے پاس ایک کلھاڑی تھی، جس سے اس نے کتے کے سرپر ضرب لگائی، جس سے کتا لمحے بھر کیلئے ساکت ہوگیا لیکن اس نے ملزم پر گرفت ڈھیلی نہیں ہونے دی اور اسے گرفتار کرا دیا، میرے خیال میں ملزم نے ایک خاتون افسر اور ایک کتا دیکھ کر سوچاہوگا کہ وہ ان سے آسانی سے نمٹ لے گا لیکن Quantum نے بےمثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور ملزم کو جلد ہی احساس ہوگیا کہ اس کا اندازہ غلط تھا۔ یہ ہر موقع پر میری پشت پر رہا اور اس نے کبھی مجھے شرمندہ نہیں ہونے دیا۔