سید مودودیؒ کی یاد میں تقریب 2 اکتوبر کو برمنگھم میں ہوگی

September 28, 2022

برمنگھم(پ ر) سید مودودی فائونڈیشن کے زیر اہتمام سید مودودیؒ کی یاد میں تقریب 2اکتوبر کو آلم راک اسلامک سنٹر برمنگھم میں منعقد ہوگی، مسلم سکالر ،علمائے کرام ان کے علمی، تحقیقی اور فکری کام اور خدمات پر روشنی ڈالیں گے، مسلمانوں کے اندر اللہ کے نظام کو نافذ کرنے کیلئے انہوں نے جو شعور اور بیداری پیدا کی، پرامن اور جمہوری عمل کے ذریعے جس طرح رہنمائی کی ہے، اس کی آج کے دور میں اشد ضرورت ہے اور ان کی تقریروں اور تحریروں سے نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں نے بھی استفادہ کیا اور غیر مسلموں نے اسلام قبول کیا ۔ سید مودودی فائونڈیشن کے چیئرمین محمد غالب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سید موددیؒ نے قرآن اور سنت کی دعوت کو عام فہم انداز میں پیش کیا، انہوں نے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طالب علموں پر زیادہ توجہ دی، تاکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ اللہ کے دین اور نظام سے رہنمائی حاصل کریں، جس بھی محکمے اور ادارے میں اپنی خدمات سر انجام دیں، ان کے اندر اللہ کا خوف اور آخرت کی فکر پیدا کی جائے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں، ملک اور قوم کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سید مودودی کی کتابوں اور تفہیم القرن کا بے شمار زبانوں میں ترجہ ہو چکا ہے، ان کا لٹریچر اتنا آسان ہے کہ ہر فرد بڑی آسانی سے سمجھ سکتا ہے، انہوں نے ہر موضوع اور مسئلے کے مختلف پہلو پر لکھا اور نشاندہی کی مسائل کا قرآن اور سنت کے مطابق حل تلاش کیا، انہوں نے سیاسی اور جمہوری عمل سے اسلامی نظام کے لیے اللہ کے نظام کی دعوت پیش کی اور رہنمائی کی اور مسلمانوں کی نئی نسل کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔