حب رسول ﷺ کا تقاضا

September 28, 2022

تحریر: سید علی جیلانی۔۔۔ سوئٹزر لینڈ
اسلامی ماہ ربیع الاول کو خاص مقام حاصل ہے اس مہینے میں محسن انسانیت سرورِدو عالم محبوب خدا ﷺ کی ولادت با سعادت ہو ئی، یہ وہ با برکت مہینہ ہے جس کی آمد سے چمنستان دہر کی مرجھائی ہو ئی کلیاں کھل اٹھیں ، 12 ربیع الاول تاریخ انسانیت میں وہ متبرک گھڑی ہے جس میں آفتاب رسالت کی روشنی نے جہان کو گمراہیوں اور تاریکیوں سے نکالا اور رب ذوالجلال نے سسکتی ہوئی انسانیت کو رحمت اللعالمینﷺ کی نعمت سے نواز ا جن کی ذات تمام بنی نوع انسانوں کیلئے نعمت رحمت اور مشعل را ہ ہے میلاد” کا معنیٰ ہے ولادت کا وقت یا عظیم الشان ولادت” مولد کا معنی بھی ولادت کا وقت ہے۔ اہل اسلام کے عرف میں میلاد یا مولد سے مراد سید الانبیاء حضرت محمدﷺ کی ولادت با سعادت ہے اور محفل میلاد یا جلسہ میلاد یا میلاد کانفرنس سے مراد ایسا روح پرور اجتماع ہے جس میں سرکارِ مدینہ حضرت محمدﷺ کی ولادت طیبہ کے زمانے میں ظاہر ہونے والے عجیب و غریب واقعات کا تذکرہ کرکے برکات حاصل کی جائیں محدث ابن جوزی جن کی وفات شاہ اربل ملک مظفر سے 33 سال قبل ہوئی فرماتے ہیں ’’زمانہ قدیم سے اہل حرمین شریف ( مکہ مکرمہ و مدینہ طیبہ) مصر یمن شام اور تمام عرب ممالک اور مشرق و مغرب کے مسلمانوں کا معمول رہا ہے کہ وہ ربیع الاول کا چاند دیکھتے ہی میلاد شریف کی محفلیں منعقد کرتے خوشیاں مناتے غسل کرتے عمدہ لباس زیب تن کرتے قسم قسم کی زیبائش وآرائش کرتے خوشبو لگاتے ان ایام میں خوب خوشی ومسرت کا اظہار کرتے حسب توفیق نقد وجنس لوگوں پر خرچ کرتے میلاد شریف پڑھنے اور سننے کا اہتمام بلیغ کرتے اور اس کی بدولت بڑا ثواب اور عظیم کامیابیاں حاصل کرتے میلاد کی خوشی منانے کے مجربات سے یہ کہ میلاد النبیﷺ کی برکت سے سال بھر کثرت سے خیر و برکت سلامتی و عافیت رزق ومال میں زیادتی اور شہروں میں امن و امان اور گھر بار میں سکون و قرار رہتا، اس سے معلوم ہوا کہ پوری دنیا میں قدیم زمانہ سے میلاد منانا مروج تھا محبت ایک فطری عمل ہے محبت کے دم سے کائنات کا وجود روشن ہے اسی محبت کی بنا پر اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد کو مبعوث فرمایا ان کی محبت میں اس کائنات کو تخلیق کیا اور فرمایا جس نے میرے نبی کی اطاعت کی اس نے گویا میری اطا عت کی جس نے میرے نبی سے محبت کی گویا اس نے مجھ سے محبت کی گویا کہ اس کائنات کے خالق نے خود سے محبت سے پہلے نبی کی محبت کی شرط رکھ دی لااِلٰہ َ اِلااللہ ”کے ساتھ”محمد الرَّسول اللہ” لگاکر اللہ و محمد کے ذکر کو یکجا کیا اور زبان سے اقرار کرنے و دل سے اس کی تصدیق کو ایمان سے رجوع قرار دیا اور پھراذان و نماز کی کاملیت کو ذکر مصطفی سے مشروط کرکے اپنے محبوب سے محبت کا جو اظہار کیا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ محبت مصطفی سے خالی دل کبھی حب الٰہی کی جانب راغب نہیں ہوسکتا خالق کو اپنے محبوب کے ذکر کو آسمانوں سے باہر پھیلانا اور تمام جہانوں کو محمد مصطفی ﷺ کے ذکر سے معمور کرنا تھاکیونکہ سبب تخلیق کائنات بھی یہی تھا یہی وجہ ہے کہ رب نے اپنے ذکرکے ساتھ محمد کے ذکر کو لازم کردیا اور اذان و نماز کو بھی اس ذکر سے مشروط کرکے اس ذکر کو ہر لمحہ ہر ساعت کیلئے لازم بنادیا حضور ختم المرسل ﷺ نے حیات انسانی کے ہر شعبے ہر گوشے میں مکمل ہدایات اور مثالی اعمال کے ذریعے ہمیں سیدھا سچا اور بہترین راستہ بتایا ھے پھر انسانوں کے ہر طبقے اور گروہ کیلئے اس سیرت پاک میں نصیحت پزیری اور عمل کی رہنمائی موجود ھے جو لوگ بچپن میں ناسازگار ماحول میں گھرجاتے ہیں ان کیلئے آمنہ کے لال اور دریتیم محمد ﷺ کے بچپن میں تسلی واطمینان کا سامان ھے نوجوانوں کیلئے آنحضور کی حیاداری میں نمونہ عمل ھے جو کنواری لڑکیوں سے بھی زیادہ حیادار تھے تاجروں کیلئے مکہ معظمہ کے اس تاجر کی زندگی میں بہترین نمونہ ھے جس کے تجارتی لین دین کی سچائی اور معاملے کی صفائی کا شہرہ ملک شام تک ھیاس کی طرح اگر تم حکمران ھو تو سلطان عرب کا حال پڑھو اگر رعایا ھو تو قریش کے مجاہد کو ایک نظر دیکھو اگر تم استاد اور معلم ھو تو صفہ کی درسگاہ کے معلم کو دیکھو اگر تم بیویوں کے شوہر ھو تو حضرت خدیجہ الکبری اور حضرت عائشہ صدیقہؓ کے مقدس شوہر کی حیات پاک کا مطالعہ کرو ہمیں یہ بھی ظاہر کرنا چاہئے کہ ہماری عقیدت محض کاغذی پھولوں یا آرائشی دروازوں کی طرح نمائشی نہیں بلکہ ہمارے قول و فعل اور اعمال و افعال میں اس جلیل القدر پیغمبر ﷺ کی تعلیمات کا اثر نظر آنا چاہئے ہماری زندگی کی ایک ایک سانس میں نبی کریمﷺ کے ساتھ ہمارے قلبی لگاؤ کی حدت محسوس ہونا چاہئے اور ہمارے دلوں کی ہر ہر دھڑکن سے رسالت مآب حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ سے ہماری دلی محبت کا اظہار ہونا چاہئے ہمارا سونا جاگنا اٹھنا بیٹھنا چلنا پھرنا حتیٰ کہ کھاناپینا غرض ہمارا ہر فعل خدا کی اس برگزیدہ ہستی کے طور طریقوں یا باالفاظ دیگر حضورﷺ کے اسوہ ء حسنہ کا آئینہ دار ہونا چاہئے ہم بولیں تو سننے والے کو محسوس ہو کہ نبی ﷺ کا کوئی شیدائی بول رہا ہے یوم میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دراصل انسانیت پر اللہ کے احسانات کی یاد دلاتا ہے جس میں سے ایک یہ ہے کہ اس دن انسانیت کو وہ اسوہ حسنہ اور خلق عظیم کی نعمت عطا ہوئی جس کیلئے گوشے سے امن، محبت مساوات اور علم عرفان کو نور پھوٹتا نظر آتا ہے ہمیں میلاد النبیﷺ کا جشن مناتے ہوئے کبھی یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ یوم میلاد النبیﷺ یوم نجات بھی تھا شرک سے نجات جہالت سے نجات ظلم سے نجات غلامی زنجیروں سے نجات شیطان اور طاغوت کے ہتھکنڈوں سے نجات اور جھوٹے خدائوں کی اذیت ناک خدائی سے نجات اگر مسلمان حقیقی معنوں میں رب کی عبادت کے ساتھ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت وسیرت پر بھی عمل پیر ا ہوجائیں تو ہمارا معاشرہ حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بن جائے۔