ربیع الاول کے سرکاری پروگراموں کی منظوری، فنڈز جاری کرنیکی ہدایت

September 28, 2022

لاہور( خصوصی رپورٹر،خبرنگار،جنر ل رپورٹر) شان رحمتہ للعالمینؐ تقریبات کمیٹی نے ربیع الاول کے سرکاری پروگراموں کی منظوری دے دی ہے۔ آج سے پنجاب بھر میں شان رحمتہ للعالمینؐ تقریبات کا آغاز ہو جائے گا۔ تمام سرکاری محکموں کو یکم سے 12 ربیع الاول کے درمیان میلادالنبیؐ کے پروگراموں کے لئے فوکل پرسن نامزد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر پارلیمانی امور، کوآپریٹوز و تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ربیع الاول کے پروگراموں کے شیڈول میں بتایا گیا کہ یکم سے 12 ربیع الاول کے درمیان سکولوں، کالجوں کے زیراہتمام تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر قرات، نعت اور سیرت طیبہ ؐ پر تقریروں کے مقابلے ہوں گے۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ ربیع الاول خوشی اور مسرت کا مہینہ اور حضور اکرمؐ کی سیرت طیبہؐ ہمارے لئے مشعل راہ ہے معاون خصوصی وزیراعلیٰ سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیراہتمام سب سے زیادہ میلاد تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔ اس سلسلہ میں مختلف تقریبات بھی ہوئیں۔ مزید برآں سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے علماء اکرام نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عشرہ رحمت العالمین منانے کے حوالے سے کی تقریبات کے انعقاد اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ دریں اثناء تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں عزیز بھٹی ٹاؤن سے مشعل بردار جلوس نکالا گیا۔