ایران مظاہروں کی ویڈیو میں نظر آنے والی بال باندھتی لڑکی قتل

September 28, 2022

ایران میں مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی ویڈیوز میں بغیر اسکارف، بال باندھتی نظر آنے والی نوجوان لڑکی کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 20 سالہ ہادیس نجفی نامی لڑکی کو گردن، پیٹ ،دل اور ہاتھ پر 6 گولیاں ماری گئیں۔ مقتول لڑکی کے جنازے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقتول لڑکی نے مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں بنا کسی خوف شرکت کی تھی۔ اس مظاہرے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ایران میں پولیس کے زیر حراست لڑکی کی ہلاکت پر احتجاجی مظاہروں میں اب تک 76 افراد ہلاک اور لگ بھگ 900 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں 1200 سے زائد مظاہرین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 16 ستمبر کو پولیس نے تہران میں اسکارف نہ پہننے پر 22 سالہ لڑکی مہسا امینی کوحراست میں لیا تھا، حراست کے دوران لڑکی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئی تھی۔