لوگوں کو اکتوبر میں انرجی کی قیمتوں میں اضافے سے قبل اپنے میٹر پڑھنے کی ہدایت

October 01, 2022

لندن (پی اے) لوگوں کو اکتوبر میں انرجی کی قیمتوں میں اضافے سے قبل اپنے میٹر پڑھنے کی ہدایت کی گئی تاکہ انرجی سپلائر اکتوبر سے پہلے استعمال کی گئی انرجی کے اضافی نرخ وصول نہ کرسکیں۔ اگلے مہینے سے گھروں کے انرجی بل 1,971پونڈ سے بڑھ کر 2,500پونڈ ہوجائیں گے، حکومت نے قیمت پر جو کیپ لگایا ہے، اس کا مقصد فی یونٹ کا تعین کرنا ہے لیکن بل استعمال کی گئی انرجی کی مناسبت سے وصول کیا جاتا ہے، حکومت نے 2024 تک انرجی بلز میں اضافے کو منجمد کردیا ہے۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ 12,000 kWh گیس اور 2,900 kWh بجلی سالانہ استعمال کرنے والوں کا بل 2,500پونڈ سے زیادہ نہیں ہوگا لیکن اگر اس سے زیادہ بجلی اور گیس استعمال کی جائے گی تو اس کیلئے اضافی رقم دینا ہوگی۔ انرجی یوکے نے کہا ہے کہ بہتر طریقہ یہ ہے کہ صارفین اپنے میٹر یکم اکتوبر سے پہلے چیک کرلیں، زیادہ تر سپلائرز کو پرانی شرح پر بل بھیجنے کیلئے دونوں مہینوں کے چند آخری اور پہلے دنوں کی مہلت دی جائے گی۔ سروس فراہم کرنے والوں نے ویب سائیٹ اور فون پر بہت زیادہ رش ہونے کے پیش نظر اپنے میٹر ریڈنگ درج کرانے کیلئے مختلف متبادل طریقے بتائے ہیں۔ اس ہفتے برطانیہ کے تمام گھروں کواپنے میٹر کی ریڈنگ اپنی انرجی فرم کو فراہم کرنا ہوگی تاکہ انھیں اضافی قیمت ادا نہ کرنا پڑے۔ انرجی ایکشن سکاٹ لینڈ کے سربراہ فریزر سکاٹ کا کہنا ہے کہ انرجی کی سپلائی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے اقدامات بہت سست ہیں، جس کی وجہ سے فیول پاورٹی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور حکومت کی جانب سے اس حوالے سے دی جانے والی مالی امداد گہرے زخم پر پھاہا رکھنے کے مترادف ہے۔ انرجی فرمز سے بل کے بارے میں مشکلات دور کرنے کیلئے مزید اقدامات کیلئے کہا گیا ہے۔ منگل کو انرجی ریگولیٹر آفجیم نے ایک ریویو شائع کیا ہے، جس میں بتایاگیا ہے کہ انرجی سپلائرز کم آمدنی والے صارفین کو بل کی ادائیگی کے حوالے سے کیسے مدد فراہم کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب کمپینرز نے متنبہ کیا ہے کہ اب بھی لاکھوں افراد کو موسم سرما کے دوران فیول پاورٹی کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جو صارفین اپنے بل ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے، وہ براہ راست اپنے سپلائر سے رابطہ قائم کر کے پیمنٹ کا پلان بنوالیں۔