’’میل برسلز‘‘ کی پاکستان کے سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی

October 01, 2022

برسلز( حافظ انیب راشد ) پاکستانی کونسلر کی کوششوں سے یورپین دارالحکومت برسلز کی ’’میل برسلز‘‘ میونسپل کمیٹی پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ 600 خاندانوں کیلئےامداد فراہم کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ یورپ بھر میں ’’ 1000برسلز کمیون‘‘ وہ واحد میونسپل کمیٹی ہے جس نے اپنی سطح پر امداد کا یہ فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات اس میونسپل کمیٹی کے واحد پاکستان نژاد کونسلر ناصر چوہدری نے نمائندہ جنگ کو بتائی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سیلاب کے بعد جہاں کمیونٹی نے اپنے سیلاب زدہ بھائیوں کی مدد کیلئے کو ششیں کیں، وہیں برسلز کی سب سے معروف اور مرکزی میونسپل کمیٹی نے بھی اپنے اجلاس میں اپنی سطح پر پاکستان میں مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے تحت پاکستان میں نوشہرہ اور چارسدہ کے علاقوں میں ہینڈی کیپ انٹرنیشنل کے تعاون سے 600 خاندانوں کو ابتدائی ضروریات فراہم کی گئیں، جب کہ اس حوالے سے ان کی مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ یہ یورپ بھر میں میونسپل کمیٹی کی سطح پر امداد فراہم کرنے کا پہلا واقعہ ہے، اس حوالے سے اسی میونسپل کمیٹی (1000 برسلز کمیون) میں پہلے پاکستان نژاد کونسلر ناصر چوہدری نے میئر فلپ کلاز اور انٹرنیشنل ریلیشنز کے ذمہ دار کونسلر کی اس کوشش کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے انسانیت کیلئے ایک اہم عطیہ قرار دیا ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ میونسپل کمیٹی یونیسکو کے محفوظ بین الاقوامی ثقافتی ورثے کا حصہ ہے جس میں بلجیم کی معروف ٹورسٹ ایٹریکشن گرانڈ پیلس بھی شامل ہے۔