آزاد کشمیر سے غیر ریاستی جماعتوں کو ختم کیا جائے، چوہدری عظیم

October 01, 2022

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ ) ممتاز کشمیر ی رہنما اور کشمیر رابطہ کمیٹی کے سابق صدر چوہدری محمد عظیم نے آزاد کشمیر کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر سے غیر ریاستی جماعتوں کو فوری طور ختم کیا جائے، اس پر آزاد کشمیر اسمبلی سے قانون پاس کرایا جائے، انہوں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بنیادی طور پر کشمیر میں دو بڑی جماعتیں مسلم کانفرنس اور لبریشن لیگ ہیں ، باقی جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کے لگائےپودے ہیں جن کی کوئی کشمیر پالیسی نہیں ، آزاد کشمیر میں غیر ریاستی جماعتوں نے اقتدار کی باریاں لگائی ہوئی ہیں، ان غیر ریاستی جماعتوں نے تحریک آزادی کشمیر کو شدید نقصان پہنچا یا ہے، ان جماعتوں کی مسئلہ کشمیر سے عدم دلچسپی کے باعث کشمیر ی عوام کا مطالبہ حق خودارادیت ایک سیاسی نعرہ بن چکا ہے، ان غیر ریاستی جماعتوں کی عدم دلچسپی کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی فوج کے ہاتھوں دہشت گردی کا شکار ہیں، اقوام متحدہ کے حالیہ اجلاس میں کسی بھی ملک نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز بلند نہیں کی ۔ چوہدری محمد عظیم نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس ، صدرآزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایک عدالتی کمیشن بنایا جائے اور کشمیر ی عوام کو اعتماد میں لیا جائے کہ وہ کونسی وجوہات ہیں جس کی وجہ سے اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی نہیں لے رہے ہیں، کشمیر ی عوام کو کیوں اندھیرے میں رکھا جا رہا ہے، انہوں نے کہا پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر شامل نہیں تھا بلکہ وزیر اعظم پاکستان کے ایجنڈے پر افغانستان میں دیرپا امن کے قیام اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد شامل تھے، انہوں نے کہا شملہ معاہدہ ختم ہونے کے باعث مسئلہ کشمیر کی اقوام متحدہ میں حیثیت واجبی سی رہ گئی ہے جو سقوط کشمیر سے کم نہیں ہے اور اس کی بنیادی وجہ آزاد کشمیر میں غیر ریاستی جماعتوں کا قیام ہے جہنیں مسئلہ کشمیر سے دلچسپی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا یہ بہت بڑا المیہ ہے آج مسئلہ کشمیر دہلی، اسلام آباد اور مظفرآباد کے درمیان محدود ہو کر رہ گیا ہے، کشمیر ی عوام کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک کیا جارہاہے، کشمیر ی عوام کی رائے کا احترام نہیں کیا جا تا ، یہ سلسلہ فوری بند کیا جائے اور آزاد کشمیر سے غیر ریاستی جماعتوں کو ختم کیا جائے ، آزاد کشمیر سے غیر ریاستی لینٹ آفیسران کی جگہ ریاست کے اعلیٰ حکام تعینات کئے جائیں۔