انگلینڈ نے پاکستانی بولنگ کے پرخچے اڑا دیئے، میزبان مڈل آرڈر پھر ناکام، مہمان کے پاور پلے کے ریکارڈ رنز

October 01, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ نے جمعے کو لاہور میں کھیلے گئے چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو بآسانی 8 وکٹو ں سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز تین تین سے برابر کردی، آخری اور فیصلہ کن میچ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، پاکستانی کپتان بابر اعظم کی شان دار اننگز بھی پاکستان کے کام نہ آسکی ، میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن اس میچ میں بھی بری طرح ناکام رہی ،مڈل آرڈر کوئی خاص کار کردگی نہ دکھاسکے،پاکستان کے 169رنز کے ہدف کو انگلش بیٹسمنوں نے یکطرفہ مقابلے سے 15ویں اوورز میں دو وکٹ پر170رنز بناکر پورا کرلیا، پاکستانی بولرز بری طرح ناکام ثابت ہوئے،فل سالٹ نے41 گیندوں پر13چوکوں اورتین بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 88رنز ناٹ آوٹ بنائے،انہوں نے پاکستانی بولنگ کے پرخچے اڑا دئیے،پوری بولنگ لائن کو در ہم برہم کر کے رکھ دی، انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا،ایلکس ہیلزنے بھی 12 گیندوں پر 27رنز کی اننگز کھیلی، میچ کی خاص بات انگلینڈ کا پاور پلے میں ریکارڈ 82 رنز بنانا تھا، ڈیوڈ میلان26رنز بناسکے،بین ڈکٹ نے16گیندوں پر چار چوکوں سے26رنز ناٹ آوٹ بنائے، پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے34رنز کے عوض اننگز کی دو نوں وکٹ لی، محمد نواز نے43شاہنواز دھانی نے33 محمد وسیم نے29اور عامر جمال نے 30 رنز کے عوض کوئی وکٹ نہیں لی، عامر جمال نے دو اوورز کرائے،اس سے قبل انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 169رنز بنائے، بابر اعظم 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،پاکستان کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا، ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والےمحمد حارث 7 اور نئے آنے والے بیٹر شان مسعود صفر پر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کو تیسرا نقصان حیدر علی کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 14 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ افتخار احمد 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ آصف علی 9 اور محمد نواز 12 رنز بناسکے۔ کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 169 تک پہنچایا، بابر 59 گیندوں پر 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی اور سام کُرن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔