دعوے نہیں، عملی اقدامات سے صاف ماحول فراہم کرینگے، ڈپٹی کمشنر

October 01, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا ہے کہ شہر اولیاء میں مثالی صفائی کا نظام متعارف کرانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے اب زبانی دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات سے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کو قدموں پر کھڑا کرنے کیلئے نئی مشینری کی خریداری اور افرادی وقت میں اضافے کیلئے ٹینڈر پراسیسنگ شروع کردی گئی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سی ای او فاروق ڈوگر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اخلاق احمد سمیت بورڈ ارکان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس می۔ آپریشنل مشینری کی خریداری کیلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی جبکہ مخلتف کمپنی امور کی بھی منظوری دی گئی ، ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محدود وسائل کے باوجود صفائی آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہے شہر میں مکمل کوڑا کرکٹ کو روزانہ ٹھکانے لگانے کیلئے مزید سینٹری ورکرز اور مشینری کو سسٹم میں شامل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے میرٹ پر مشینری کی خریداری کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کمپنی انتظامیہ کو مکمل مینڈیٹ دیا ہے۔محمد طاہر وٹو نے اجلاس میں کمپنی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہر کے مرکزی علاقوں اور رہائشی علاقوں میں سمارٹ پلان کے ذریعے صفائی ستھرائی کا موثر نظام وضح کیاجائے تاکہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔اس موقع پر سی ای او کمپنی فاروق ڈوگر نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے تعاون سے شہر اولیاء کو صاف رکھنے کیلئے تمام صلاحیتیں صرف کررہے ہیں۔کمپنی کا آپریشنل سسٹم بہتر کرنے سے مکمل کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے میں مدد ملے گی جس سے شہریوں اور تاجر برادری کی شکایات کا بھی ازالہ ہوگا۔قبل ازیں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کی جانب سے پیش کئے گئے مخلتف ایجنڈوں کی بھی منظوری دی۔