ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں،، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں ریسٹورنٹس، کریانہ سٹورز اور بیکریوں سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی، اس دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے اور 10 کلو غیر معیاری خوراک تلف کردی گئی،تفصیلات کے مطابق ملتان میں ایم 5 موٹر وے شجاع آباد، قاسم فورٹ میٹرو اسٹیشن، ایاز آباد، وہاڑی روڈ، اور گول باغ میں 7 ریسٹورنٹس کو کھانوں کی تیاری میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے اورفریزر میں باسی خوراک کی سٹوریج پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح بوسن روڈ نشیمن کالونی میں فلٹر کی تبدیلی کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے پر شادی ہال کو 50 ہزار روپے ، شیر شاہ ملتان میں بیکری کوفروخت کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے پر 15 ہزار روپے، اڈہ پیر مراد وہاڑی میں بیکری آئٹمز کی تیاری میں ناقابلِ سراغ اجزا کا استعمال کرنے پر سویٹس یونٹ کو 20 ہزار روپے اور حسین آباد میاں چنوں خانیوال میں 2 فوڈ پوائنٹس کو کھانوں کی تیاری میں کھلے مصالحہ جات کا استعمال کرنے پر 30ہزار روپے جرمانہ عائدکیاگیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا مضر صحت خوراک کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن نمبر 1223 پر رابطہ کریں۔