صحت سہولت پروگرام میں کسی صورت تعطل نہیں آنا چاہئے، سیکرٹری ہیلتھ

October 01, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر) سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ و تحصیل اسپتالوں میں لوگوں کو بلاتاخیر صحت سہولت پروگرام کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں اور پرائیویٹ اسپتالوں کے ساتھ ساتھ سرکاری اسپتالوں میں صحت سہولت پروگرام میں کسی صورت تعطل نہیں آنا چاہیے۔ یہ ہدایات انہوں نے ملتان ڈویژن میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر پیشرفت بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری جنرل قمرالزمان قیصرانی، ڈپٹی سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرماریہ ممتاز اور ملتان ڈویژن کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس شریک ہوئے۔ اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی جانب سے صحت سہولت پروگرام بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سرکاری اسپتالوں کو در پیش چیلنجز کو تفصیلی زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال نے مزید کہا کہ صحت سہولت پروگرام سے لوگوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں کافی مدد ملنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی بروقت فراہمی میں پرائیویٹ اور سرکاری اسپتالوں میں مقابلہ کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت سہولت پروگرام کے تحت لوگوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے اور سٹیٹ لائف انشورنس آف پاکستان کی جانب سے ملنے والے واجبات کی حکومتی جاری کردہ پالیسی کے مطابق فوری شفاف تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔