ملتان (سٹاف رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گندم کے پیداواری مقابلہ جات 2025-26 کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں حصہ لینے والے کاشتکاروں کیلئے ٹریکٹر سمیت کروڑوں روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں صوبائی سطح پر اول انعام ٹریکٹر85 ہارس پاور، دوئم ٹریکٹر75 ہارس پاور اور سوئم ٹریکٹر60 ہارس پاور ہیں جبکہ ضلعی سطح پر اول انعام10 لاکھ روپے نقد انعام، دوئم 8 لاکھ روپے نقد انعام اور سوئم5 لاکھ روپے نقد انعام مقرر کئے گئے ہیں۔ گندم کے پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے5 یا5 ایکڑ سے زائد رقبہ رکھنے والے کاشتکار درخواست دے سکتے ہیں۔ اس ضمن میں شرائط و ضوابط درخواست فارم پر درج ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا ہے کہ درخواست فارم متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع)کے دفتر سے حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pkسے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔ یاد رہے، اس پیداواری مقابلہ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،سینٹرز،ان کے فیملی ممبرز اور گریڈ17 اور اوپر کے سرکاری ملازمین، محکمہ زراعت پنجاب کے تمام ملازمین سمیت ترقی پسند کاشتکار جو ڈویژنل یا ضلعی کمیٹی کے اراکین مقرر ہوں حصّہ نہیں لے سکتے۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ مزید معلومات کے لئے کاشتکار زرعی ہیلپ لائن 0800-17000 پر صبح8 بجے سے رات8 بجے تک رابطہ کرکے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔