آپ اپنا کام کیجئے، میں اپنا کام کرتی رہوں گی، ماہرہ خان کا سوشل میڈیا ٹرولرز کو کرارا جواب

October 01, 2022

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کو بھی دیگر فنکاروں کی طرح کینیڈا میں منعقدہ ایوارڈ شو میں شرکت پر ٹرول کیا گیا تو اداکارہ نے اپنا بھرپور دفاع کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک صارف رفیعہ زکریہ نے ماہرہ خان کی ایک کلپ، جس میں وہ ایوارڈ شو پر پہنچنے کے بعد مداحوں سے ملتی ہیں، کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے لکھا کہ ’آپ جانتے ہیں کہ افسوسناک کیا ہے!، پاکستانی ٹی وی ڈراموں سے وابستہ شخصیات ٹورنٹو کے کسی چھوٹے سے کونے میں ایوارڈ شو منعقد کروا کر، معمولی سے ریڈ کارپیٹ پر چل کر یوں ظاہر کر رہی ہیں کہ وہ کوئی بین الاقوامی شہرت یافتہ سُپر اسٹارز ہیں۔ جس میں اپنی ہی پروڈکش کو خود ہی ایورڈز دیئے جائیں گے‘۔

رفیعہ زکریہ کے ٹوئٹ پر ایک اور صارف نے ماہرہ کے لباس پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ماہرہ نے ایک ہی ایوارڈ شو میں ایک ہی ڈیزائنر کا ایک ہی ڈیزائن کا لباس 4 مختلف رنگوں میں زیب تن کیا۔

صارف کی اس کمنٹ پر رفیع زکریہ نے ایک بار پھر ماہرہ پر تنقید کی کہ ’اور مجھے پوری امید ہے کہ ماہرہ یہ چاروں لباس سیلاب زدگان کی مدد کے لیے عطیہ کر دیں گے اور سب ٹھیک ہوجائے گا‘۔

دوسری جانب معروف اداکارہ ماہرہ خان نے تادیر ٹوئٹر صارفین کو نظر انداز کیا لیکن پھر اپنا بھرپور دفاع کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف رفیعہ زکریہ کو جواب دیا کہ ’یہ ہمارے (آپ کے ملک کے فنکاروں) لیے کبھی بھی ٹھیک نہیں ہوگا۔ میں اپنے حصے کا کام کرتی رہوں گی، اگر آپ کو خوشی ہوگی تو میں اس کی تصویر بنوا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کرسکتی ہوں، لیکن پھر آپ جیسے ہی کہیں گے صدقہ خیرات کرکے دکھاوا کررہے ہیں۔آپ لوگوں کی تنقید کبھی ختم نہیں ہوگی۔ میں اپنا کام کرتی رہوں گی آپ اپنا کام کریں‘۔

ماہرہ خان کی حمایت میں اداکارہ اور مصنفہ میرا سیٹھی بھی سامنے آگئیں اور ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی ان دنوں بلوچستان میں ہوں اور فلاحی کاموں میں اپنا حصہ ڈال رہی ہوں لیکن اس کی تصاویر لینے سے ڈر لگتا ہے۔ میں ماہرہ خان کو جانتی ہوں وہ سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ ریز کررہی ہیں لیکن اس کی تشہیر نہیں کر رہیں۔

ماہرہ خان کی ٹوئٹ کرنے کی دیر تھی کہ ان کے حق میں ٹوئٹر صارفین بھی سامنے آگئے اور ان کی حمایت کرنے لگے۔