ایسٹ آف انگلینڈ میں برڈ فلو کنٹرول سے باہر، کیسز میں مسلسل اضافہ

October 02, 2022

لندن (پی اے) ایسٹ آف انگلینڈ کے علاقوں میں برڈ فلو وائرس کنٹرول سے باہر ہوگیا ہے اور ان کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسٹ انگلینڈ میں نارفوک، سفوک اور ایسیکس کے کچھ حصوں میں پروٹیکشن زونز متعارف کروا دیئے گئے ہیں۔ ڈپارٹمنٹ فار انوائرمنٹ فوڈ اینڈ رورل افیئرز (ڈیفرا) کے مطابق برطانیہ کو ایوین فلو کی اب تک کی سب سے بڑی وبا کا سامنا ہے، جس میں اکتوبر 2021 کے آخر سے لے کر اب تک 150 سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جن کی وجہ سے ہزاروں پرندے کو تلف کرنا پڑا ہے۔ اس بگڑتی صورت حال میں بزنسز کیا کچھ کر سکتے ہیں۔ ایسٹ انگلینڈ میں برڈ فلو کی بھڑتی ہوئی وبا کے نتیجے میں اب 11لائیو آئوٹ بریکس ہوئی ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ ڈیفرا کے مقرر کردہ پروٹیکشن زونز میں پرندوں کو رکھنے والا کوئی بھی شخص چاہے، اس کے پرندوں کی تعداد کتنی ہی کم ہو، اسے رولز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ مستقبل قریب میں علاقے کیلئے بائیو سیکورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈیفرا کے مطابق ایوین فلو تقریباً 12ماہ سے ہمارے ساتھ موجود ہے جو جنگلی پرندوں کے ذریعے برطانیہ میں پھیل چکا ہے۔ ماضی میں یہ وائرس ہجرت کرنے والے پرندوں کے ساتھ آتا تھا، پھر جب پرندے شمال کی طرف جاتے تھے تو یہ غائب ہو جاتا تھا۔ شروپہیم میں ٹریڈیشنل نارفوک پولٹری کے مارک گورٹن ہزاروں فری رینج اور آرگینک مرغیوں اور ٹرکیوں کی فارمنگ کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے، برڈفلو ہماری فارمنگ کیلئے انتہائی تشویش ناک ہےاور اس کی وجہ سے ہماری صنعت بڑے پیمانے پر متاثر ہو رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ برڈفلو تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب یہ قابو سے باہر ہو گیا کیونکہ یہ مقامی پرندوں کی آبادی میں منتقل ہو چکا ہے۔ فارمرز نے معمول کے طور مکمل بائیو سیکورٹی اقدامات کئے ہیں تاکہ وہ برڈفلو کے پھیلائو کو روک سکیں۔ انہوں نے کہا کہ لیکن اس کا اثر کم ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بگلے،تیتر، کوے اور شکاری پرندے سبھی برڈ فلو میں مبتلا پائے گئے ہیں اوراگر ایک بار یہ ان پرندوں میں سرایت کر جائے تو پھر اسے کنٹرول کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبیریا جیسے مقامات سے آنے والے مائیگریٹری برڈز ابھی تک برطانیہ نہیں پہنچے ہیں۔ مارک گورٹن نے کہا کہ ہم انتہائی خوف زدہ ہیں کہ اس وقت کیا ہونے والا ہے، جب بطخوں اور گیز کی بڑی تعداد ہجرت کرنا شروع کر دے گی۔ انہوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صورت حال پہلے سے کہیں زیادہ خراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واضح طور پر چیزیں (جیسا کہ پروٹیکشن زونز) کام نہیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کا واحد طریقہ ویکسی نیشن ہے، خاص طور پر فری رینج اور آرگینک فارمرز کیلئے، جن کے ریوڑ جنگلی پرندوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں برڈفلو کے خلاف ملک گیر سطح پر اپنے پرندوں کو ویکسین لگوانی چاہئے۔ گورٹن نے کہا کہ دنیا بھر میں ویکسینز دستیاب ہیں، تاہم ڈیفرا برطانیہ میں فارمرز کو ان کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا ہے۔