ہالینڈ آنے والے پاکستانی آرٹسٹ اور کیورٹرز سے سفیر پاکستان کی ملاقات

October 03, 2022

دی ہیگ( نمائندہ جنگ)ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے موندریان فنڈ کی دعوت پرہالینڈ کے دورے پرآئے پاکستانی آرٹسٹ اور کیورٹرز سے ملاقات کی ۔ملاقات میں ہالینڈ کی وزارت خارجہ کی بین الاقوامی ثقافتی تعاون کی سفیر دیوی فاندی ویرڈ، موندریان فنڈ کے ڈائریکٹر مسٹر ایلکو فن ڈیر لنگن، پرنس کلاز فنڈ اور ڈچ فنکار وں کے اسپیشل پروجیکٹس کی چیف فریبہ درخشانی بھی موجود تھیں۔ سفیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے عوامی سفارت کاری میں فن اور ثقافت کے کردار پر بھی زور دیا انہوں نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کی شدت کے بارے میں آگاہ کیا اور حکومت پاکستان کی جاری امدادی سرگرمیوں کے لیے ہالینڈ کی حکومت کے 3.5 ملین یورو کے امدادی پیکیج کو سراہا۔ انہوں نے ہالینڈ میں بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے سفارت خا نہ کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ سفیر نے ڈچ نمائندگان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ پاکستان میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے سفارت خانہ پاکستان کی کوششوں میں بھر پور حصہ ڈالیں۔