کراچی میں ڈینگی نے ماہ ستمبر کے پرانے سارے ریکارڈ توڑ دیے

October 03, 2022

کراچی میں ڈینگی مچھر بڑے پیمانے پر لوگوں کو اپنا نشانہ بنارہا ہے۔ شہر میں ڈینگی مچھر نے ماہ ستمبر کے پرانے سارے ریکارڈ توڑ دیے۔

محکمہ صحت کے مطابق سال 2021 کے مقابلے میں سال 2022 میں کیسز میں 600 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق ستمبر کے مہینے میں کراچی میں 6 ہزار 273 افراد کو اپنا نشانہ بنایا۔ 36 افراد ڈینگی وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

محکمہ صحت کے مطابق ستمبر 2021 میں کراچی میں 403 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے تھے، جبکہ پورے سال میں 28 افراد ڈینگی سے جاں بحق ہوئے تھے۔

ستمبر 2020 میں کراچی میں صرف 299 افراد متاثر ہوئے تھے 2020 کے پورے سال میں صرف 3 افراد ڈینگی سے زندگی کی بازی ہارے تھے متاثرہ افراد میں خواتین بچے اور بزرگ شہری بھی شامل ہیں۔

سب سے زیادہ کیسز ضلع شرقی، وسطی اور جنوبی میں رپورٹ ہوئے۔