میڈیا میں خواتین کی عکاسی، معاشرے میں مثبت کردار سے متعلق تربیتی ورکشاپ

October 04, 2022

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)غیر سرکاری تنظیم شرکت گاہ کے زیراہتمام میڈیا میں خواتین کی عکاسی، معاشرے میں خواتین کا مثبت کردار اور سیاسی و سماجی سطح پر خدمات و لیڈر شپ کے عنوان سے کوئٹہ پریس کلب میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ، جس میں صحافیوں سمیت جرنلزم کے طلباء و طالبات نے شرکت کی ، ورکشاپ کے شرکاء کو مختلف موضوعات پر نیوز رپورٹنگ کی مشقیں بھی کرائی گئیں جبکہ ورکشاپ میں شریک صحافیوں نے عملی زندگی میں ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران مختلف مشکلات و مسائل کے بارے میں بھی بات چیت کی اور اپنی رائے پیش کی ۔ اس موقع پر یحییٰ ریکی ، شرکت گاہ کی سیما بتول اور انور بلوچ نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے معاشرے میں تمام شہریوں کو برابری کی بنیاد پر ان کے حقوق کی فراہمی میں میڈیا کا رول اہم ہے ، ہمارے پاس ہر قسم کی خبریں آتی ہیں تاہم مثبت خبروں کی ترسیل سے ہی بہتر معاشرے کی تشکیل ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بیشتر خواتین کو صنفی امتیاز کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن میڈیا کے پاس خواتین کی بہتر صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی صلاحیت موجود ہے ، ورکنگ جرنلسٹس معاشرئے میں ہر قسم کے تعصب و تنگ نظری کے خلاف بہتر انداز میں آواز اٹھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر ضروری ہے کہ خواتین کی معاشرتی اور معاشی آزادی سے متعلق میڈیا اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے ،نہ صرف گھریلو خواتین بلکہ گھر سے باہر نکل کر کام کرنے اور سیاست میں آنے والی خواتین کے احترام اور تحفظ کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔ شرکاء نے شرکت گاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کے ورکشاپ منعقد کئے جائیں گے ۔