مڈل آرڈر بیٹنگ کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانے کی ضرورت، چیف سلیکٹر

October 05, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سلیکٹر محمد وسیم کہتے ہیں کہ مڈل آرڈر بیٹنگ کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانے اور بہتر کارکردگی کی ضرورت ہے۔مجھے تشویش ہے کہ لوئر مڈل آرڈر کو واضح پیغام نہیں مل رہا یاوہ پچ کی ویلیو زیادہ رکھ رہے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف ساتویں میچ میں پاکستان کی کارکردگی کسی بھی طرح متاثر کن نہیں تھی۔شان مسعود اور خوش دل نے جس طرح بیٹنگ کی وہ مناسب نہیں تھی اس طرح کی کارکردگی والے بیٹسمین ہمیں اور بھی مل سکتے ہیں۔ پاکستانی مڈل آرڈر کو پاکستانی پچوں پر بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت تھی میں نے جو ٹیم منتخب کی تھی اس پر حتمی حکمت عملی ہیڈ کوچ اور کپتان نے بنانا تھی۔میں نے یہ ٹیم لوپچوں کو دیکھ کر بنائی تھی اور میرا خیال تھا کہ ہم ان سے بہتر نتائج لے سکتے ہیں۔ایک ٹی وی انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ جو میچ ہم نے جیتے ہیں اس میں مڈل آرڈر بیٹنگ کا کردار نظر آیا ہے چاہے وہ آصف علی کے دو چھکے ہوں ،اسی طرح ایشیا کپ میں افتخار اور خوش دل نے بھی فتوحات میں اپنا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جب آپ بعد میں بیٹنگ کررہے ہوں تو آپ کے سامنے ایک ٹارگٹ ہوتا ہے اسی مناسبت سے بیٹرز کو اننگز کو آگے بڑھانا چاہیے۔محمد وسیم نے کہا کہ میں شاداب خان اور محمد وسیم کو بیٹنگ آرڈر میں اوپر دیکھنا چاہوں گا۔اوپر سے دو وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ آرڈر مشکل میں آگئی ان حالات میں دوسروں پر بھی اعتماد دکھانے کی ضرورت ہے۔