کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ انڈر19 کر کٹ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔ میچ مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے کہا ہے کہ ہماری تیاری اچھی ہے، کھلاڑیوں کو مینجمنٹ کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ فائنل بڑا میچ ہے، کھلاڑی پراعتماد ہیں، پاکستان نے اس ٹورنامنٹ کے تین فائنل کھیلے ہیں لیکن یہ ٹورنامنٹ نہیں جیتا۔ بھارت نے سات فائنل کھیلے ہیں اور پانچ بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے گروپ میچ میں پاکستان کو بھارت نے 90 رنز سے شکست دی تھی۔ دبئی میں سیمی فائنل نے پاکستان نے بنگلادیش کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 8وکٹ سے شکست دی تھی۔ قومی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی اور پوری ٹیم 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر ٹاگٹ پورا کر دیا۔ قومی ٹیم نے 122 رنز کا ہدف 63 گیند پہلے حاصل کیا اور فائنل میں جگہ بنا لی۔ سمیر منہاس نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 69 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ بارش کےباعث میچ کو 27 ،27 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔سمیر منہاس نے ملائشیا کے خلاف177رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ سمیر چار میچوں میں299 رنز بناکر نمایاں ہیں۔ محمد سیام نے8 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ فرحان یوسف نے کہا کہ ہماری تیاری بہت اچھی رہی ہے اور کیمپ میں حوصلے بلند ہیں۔ ٹیم انتظامیہ نے ہماری بھرپور حمایت کی ہے اور ہم کامیاب ہونے کی کوشش کریں گے۔ بنگلہ دیش ایک بہت اچھا حریف ثابت ہوا اور اس کے خلاف مقابلہ کرنا خوشگوار تھا۔ کھلاڑیوں نے واقعی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہماری فیلڈنگ یونٹ شاندار رہی، پچھلے میچ میں بیٹنگ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پورے ٹورنامنٹ میں بولنگ میں تسلسل رہا۔