• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی،ڈیلی الاؤنس کا مسئلہ ہنوز حل طلب، کھلاڑی پریشان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پرو ہاکی لیگ کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ایک بار ڈیلی الاؤنس کا مسئلہ اچھال دیا ہے، جو بدستور حل طلب ہے، کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ نومبر میں دورہ بنگلا دیش کے کیمپ کی ڈومیسٹک اور بنگلا دیش میں کھیلی گئی سیریز کے ڈیلی الاؤنسز تاحال ادا نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے شدید مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پرو ہاکی لیگ کے پہلے مرحلے میں حصہ لینے والی پاکستانی ہاکی ٹیم کےمنیجر انجم سعید نے کہا ہے کہ آٹھ سال کے طویل عرصے بعد یور پی ٹیموں کے ساتھ مقابلہ اچھا رہا، ہمیں ناکامی ضرور ہوئی ہے مگر اہم پہلو یہ ہے کہ ناکامی کا مارجن کم تھا، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا کہ وطن واپسی پر مبینہ طور پر جہاز میں سگریٹ نوشی پر انہیں آف لوڈ کردیا گیا تھا، ان کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، میں ایک کھلاڑی کے ساتھ واپسی پر دبئی میں کام کے لئے رک گیا تھا، واضح رہے کہ بعض سوشل میڈیا اور میڈیا پر رپورٹ کیا گیا ہے کہ انجم سعید کو واپسی پر برازیل میں ٹرانزٹ کے لیے رُکا تو جہاز رُکنے پر انجم سعید نے مبینہ طور پر سگریٹ نوشی کی۔ ذرائع کے مطابق جہاز کے عملے نے سگریٹ نوشی پر شکایت کی تو سکیورٹی عملے نے انجم سعید کو آف لوڈ کردیا،بعد میں جرمانہ ادا کرنے پر انہیں وطن جانے کی اجازت دی گئی، تاہم قومی ٹیم کے منیجر نے ان الزامات کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا، ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کے الزامات قومی کھیل اور ٹیم کو نقصان پہنچانے کی مہم کا حصہ ہے، میں نے فیڈریشن سے اس حوالے سے قانونی کاروائی کے لئے رابطہ کیا ہے۔