تین قومی ٹورنامنٹ، بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم کرائسٹ چرچ پہنچ گئی

October 05, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم تین قومی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے منگل کو لاہور سے براستہ دبئی اور سڈنی ،کرائسٹ چرچ پہنچ گئی۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جمعے کی صبح پاکستانی وقت کے مطابق سات بجے ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ہفتے کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ صبح گیارہ بجے شروع ہوگا۔پاکستانی ٹیم بدھ کو آرام کرے گی۔جمعرات کو ایک دن پریکٹس کے بعد ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلے گی۔ سہ فریقی سیریز کے تمام میچز کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے قومی ٹیم میں 16 کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف کے 13 ارکان شامل ہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈ ایک روز آرام کے بعد جمعرات سے کرائسٹ چرچ میں ٹریننگ کا آغاز کرے گاسہ فریقی سیریز میں پاکستان اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ نیوزی لینڈ تمام 15 کھلاڑیوں کو موقع دیتے ہوئے روٹیشن پالیسی اپنائے گا۔اس حوالے سے نیوزی لینڈ کے میڈیا کا کہنا ہے کہ اوپنر فن ایلن، مارٹن گپٹل اور ڈیون کانوے کی کارکردگی پر فوکس ہوگا، رزلٹ کو سامنے رکھتے ہوئے روٹیشن پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر گیون لارسن نے کہا ہے کہ روٹیشن پالیسی کا مقصد یہی ہے کہ سب کھلاڑیوں کو موقع ملے اور انہیں دیکھا جاسکے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل سہ ملکی سیریز بڑی اہمیت رکھتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن اور بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ کی نیوزی لینڈ آمد تاخیر کا شکار ہے۔شکیب الحسن کا سیریز کا پہلے میچ شرکت مشکوک ہے۔دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی سالگرہ جہاز میں منائی گئی۔دبئی سے کرائسٹ چرچ کی فلائٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاداب خان کی 24؍ویں سالگرہ کا کیک کاٹا ۔یہ سالگرہ نیوزی لینڈ کے سفر کے دوران بنائی گئی ۔