عمران کا کسی بھی قربانی کیلئے کارکنان سے حلف انارکی کا اشارہ ہے، تجزیہ کار

October 05, 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)تجزیہ کاروں کاکہناہےکہ عمران کا کسی بھی قربانی کیلئے کارکنان سے حلف انارکی کا اشارہ ہے.

عمران خان کے قوم پر طاری رومانس کو کاؤنٹر کرنے کیلئے اسٹیبلشمنٹ کے پاس نواز شریف کا آپشن بچا ہے، اس لیے اسٹیبلشمنٹ نواز شریف کو واپس لانے کی کوشش کرے گی،لیگی رہنما کاکہناہےکہ فواد جس ڈنڈے کی بات کررہے ہیں اسی کی وجہ سے ان کی آنکھیں باہر آئی ہوئی ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ کے میزبان منیب فاروق نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اگر یہ کہا جائے کہ آنے والے دن اب بہت اہم ہوں گے کیوں کہ عمران خان اب لگ رہا ہے کہ جس طرح وہ اپنے کارکنوں سے حلف لے رہے ہیں ، وہ کہہ رہے ہیں کہ حقیقی آزادی ہے اور یہ جہاد ہے حلف کے دوران وہ اپنے تمام ورکرز سے کہہ رہے ہیں کہ آپ یہ حلف دیجئے کہ آ پ کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے،عمران خان نے شاید یہ سوچ لیا ہے کہ ان کے پاس واحد راستہ اب انارکی کا ہے اسلام آباد پر چڑھائی کا ہے عمران خان یہ کوششیں پہلے بھی کرچکے ہیں ۔

ایسے حالات میں پاکستان میں ایک اہم تعیناتی ہونے والی ہے یہ اہم اس لحاظ سے ہونی نہیں چاہے کہ اس کو خبروں کے اندر لیا جائے یا اس کے اوپر تجزیئے ، تبصرے کئے جائیں لیکن اسے ہم اپنے ملک کی جو سیاسی تاریخ کی بدقسمتی کہیں کہ ہمیشہ جب آرمی چیف کی تقرری ہوتی ہے تو وہ زیر بحث بھی آتی ہے اس پر چہ میگوئیاں بھی ہوتی ہیں۔

میزبان منیب فاروق نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے ایک بدقسمت واقعہ میں کور کمانڈر سمیت دیگر فوجی افسران شہید ہوئے

اس اندوہناک واقعہ کے بعد جس طرح سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے، ایف آئی اے نے زبردست کام کرتے ہوئے ان اکاؤنٹس کو ٹریک ڈاؤن کیا جن پر یہ منفی مہم چلائی گئی، اس حوالے سے اب تک 17ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہوئی ہیں جبکہ 14افراد گرفتار ہوئے ہیں۔