ایم پی ڈی اے کا مطالبات کے حق میں مظاہرہ

October 05, 2022

پشاور(وقائع نگار )ایم پی ڈی اے (احساس گروپ)نے مہنگائی اورصوبائی حکومت کی جانب سے ٹیکسزمیں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف چیئرمین حاجی عبدالطیف بٹ کی ہدایت پردلزاک روڈپر اوقاف پلازہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کی قیادت ایم پی ڈی اے(احساس گروپ)کے صدرحاجی واحدشاہ کررہے تھے، مظاہرے میں جنرل سیکرٹری نقیب جان ، محتسب اعلی حاجی گل جان،سینئرنائب صدرحاجی عبدالستارخان ، فنانس سیکرٹری حاجی عثمان خان،ضلعی صدرحاجی شاہ پور، سمیت کابینہ کے دیگرممبران اوررئیل سٹیٹ سے وابستہ افرادکثیرتعدادمیں شرکت کیں،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرزاورکتبے اٹھارکھے تھے جن پررئیل سٹیٹ سے وابستہ افرادکے مطالبات اورمہنگائی کیخلاف نعرے درج تھے،مظاہرین سے خطاب میں حاجی واحدشاہ نے کہا کہ اقتدارکیلئے جنگ نے ملک کوتباہی کے دھانے پرپہنچادیاہے،ناقص حکمت عملی سے مہنگائی اس حدتک بڑھ چکی ہے کہ غریب اورمتوسط طبقہ کیلئے خاندان کی کفالت ممکن نہیں رہا،انہوں نے مزیدکہاکہ ان حالات میں صوبائی حکومت کی جانب سے ظالمانہ ٹیکسزکے نفاذ سے رئیل سٹیٹ کے کاروبارکوناقابل تلافی نقصان پہنچاہے،اگر مہنگائی پرقابوپانے کیلئے فوری اورٹھوس اقدامات نہ اٹھائے کئے گئے امن وامان کی صورتحال مخدوش ہونے کاقوی امکان ہے،مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ رئیل سٹیٹ پرنافذ کردہ ظالمانہ ٹیکسزکوفوری طورپرختم کیاجائے،بصورت دیگراحتجاج کادائرہ وسیع کیاجائیگا